رسائی کے لنکس

ماہ رمضان کے آغاز پرصدر بائیڈن، خاتون اول کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار


صدر جو بائیڈن اور امریکی خاتون اول جل بائیڈن۔ فائل فوٹو
صدر جو بائیڈن اور امریکی خاتون اول جل بائیڈن۔ فائل فوٹو

رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر امریکہ کے صدر، خاتون اول اور وزیر خارجہ کی طرف سے خصوصی پیغام جاری کیے گئے ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن نے اپنے پیغام میں رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز پر امریکہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کے روز جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں امریکہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ’’مشکلات اور تباہی کی شکار مسلم کمیونٹیز کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے‘‘۔

پیغام میں کئی مسلم ممالک میں حالیہ تباہیوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہم ’’ترکیہ اور شام کے لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ، جنہوں نے حالیہ تباہ کن زلزلوں کے دوران بہت سے پیاروں کو کھو دیا ہے - اور پاکستان کے لوگوں کے ساتھ ہم کھڑے ہیں، جو گزشتہ موسم گرما کے سیلاب کے بعد اپنی زندگیوں کی تعمیر نو کر رہے ہیں‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان مسلمانوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے جنہیں مسلسل جبر کا سامنا ہے، جیسے چین میں ایغور اور میانمار میں روہنگیا۔

امریکی وزیر خارجہ بلنکن کا پیغام

مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کے اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ انٹنی بلنکن نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ رمضان کا یہ مقدس مہینہ سب کے لیے پر امن رہے۔

انہوں نے کہا، ’’یہاں امریکہ اور بیرون ملک کے مسلمانوں کے لیے، رمضان عبادات اور غور و فکر کا مقدس عرصہ ہے جو خاندان اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر گزارا جاتا ہے جس میں ہمدردی اور کھلے دل سے ان کو یاد رکھنا اور ان کی مدد کرنا بھی شامل ہے جو کم حیثیت ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا، ’’یہ وقت ہے کہ ہم، ضرورت مندوں کی جن میں غربت سے متاثرہ، ظلم و ستم، تنازعات اور قدرتی آفات کے شکار لوگ شامل ہیں، مدد کی اپنی اجتماعی ذمہ داری پوری کریں ۔ دنیا بھر کے مسلمان بھی اس مہینے میں اپنی کمیونیٹیز کی خدمت کریں گے‘‘۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا،’’ اسی جذبے کے تحت، بیرون ملک ہمارے بہت سے سفارت خانے اور قونصل خانے ماہ رمضان کی خوبصورت روایات میں شریک ہونے کے لیے افطار اور دیگر تقریبات کی میزبانی کریں گے اور کمیونٹیز میں سماجی ہم آہنگی، شمولیت اور تنوع کو فروغ دینے کے لیے ہمارے عزم کا اظہار کریں گے۔ ‘‘

(وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG