رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا ایبولا وائرس سے نمٹنے کے لیے بہتر طریقہ کار پر زور


صدر نے امریکہ میں امراض کی روک تھام اور بچاؤ کے ادارے سے کہا کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تحقیق کرے، کہ ٹیکساس کے اسپتال میں کام کرنے والی نرس ایبولا وائرس سے کیسے متاثر ہوئی۔

صدر براک اوباما نے فوری طور پر ایسے اقدامات کے لیے کہا ہے جن کے تحت امریکہ ایبولا کے مریضوں کے علاج کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہو۔

صدر اوباما نے صحت اور انسانی سروسز کی سیکرٹری سلویا برول سے اتوار کو امریکہ میں ایبولا وائرس سے متاثر ہونے والے پہلے مریض کے بارے میں بات کی۔

اُنھوں نے امریکہ میں امراض کی روک تھام اور بچاؤ کے ادارے (سی ڈی سی ) سے کہا کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تحقیق کرے، کہ ٹیکساس کے اسپتال میں کام کرنے والی نرس ایبولا وائرس سے کیسے متاثر ہوئی۔

یہ نرس ایبولا سے متاثر ہونے والے پہلے امریکی مریض تھامس ڈنکن کا علاج کرنے والی ٹیم میں شامل تھی، تھامس ڈنکن کا بعد میں انتقال ہو گیا تھا۔

ٹیکساس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ طبی کارکن نے ’سی ڈی سی‘ کی ہدایات کے مطابق ڈنکن سے رابطے کے دوران مکمل حفاظتی لباس پہنے ہوئے تھے۔

تاہم ادارے کے ڈائریکٹر ٹام فرائیڈ مین کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ نرس ایبولا سے متاثر ہوئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کہیں طریقہ کار کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ابتدائی تشخیص سے ظاہر ہوتا ہے کہ نرس کے جسمانی نطام میں پائے جانے والے وائرس کی مقدار کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ نرس کے دوبارہ ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔

دوسری طرف اسپین میں حکام کا کہنا ہے کہ ایبولا سے متاثر ہونی والی ایک خاتون کی حالت اب بھی تشویشناک ہے، تاہم اس کی بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں جب کہ ان کے خون میں وائرس کی سطح بھی کم ہو رہی ہے۔

امریکہ میں ایبولا کا نیا کیس اس وقت سامنے آیا، جب ملک کے کئی ہوائی اڈوں پر لائبیریا، سیرالیون اور گنی سے آنے والے مسافروں کی چھان بین کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔

ان ملکوں میں ہزاروں افراد ایبولا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف برطانیہ نے ملک کے بعض ہوائی اڈوں اور ٹرین اسٹیشنوں پر ایبولا کی چھان بین ’اسکرینگ‘ کا کام شروع کر دیا ہے۔

صحت کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ مغربی افریقہ میں پھوٹنے والی ایبولا کی وبا سے کم سے کم 4,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اطلاعات کے مطابق اب تک 8,400 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ایبولا وائرس سے لائبیریا، سیرالیون اور گنی سے باہر نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں آٹھ نائجیریا جبکہ ایک امریکہ میں ہلاک ہوا۔

XS
SM
MD
LG