رسائی کے لنکس

لیبیا: عبوری سربراہ کی سینیئر امریکی اہلکار سے ملاقات


لیبیا: عبوری سربراہ کی سینیئر امریکی اہلکار سے ملاقات
لیبیا: عبوری سربراہ کی سینیئر امریکی اہلکار سے ملاقات

لیبیا کی 'عبوری قومی کونسل' کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل اور امریکہ کے نائب وزیرِ خارجہ برائے مشرقِ قریب جیفری فیلٹ مین کے درمیان بدھ کو ملاقات ہورہی ہے۔

فیلٹ مین سابق حکمران معمر قذافی کی اقتدار سے رخصتی کے بعد لیبیا کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین امریکی اہلکار ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات دارالحکومت طرابلس میں ہوگی۔

مذکورہ ملاقات سے ایک روز قبل عالمی بینک نے 'عبوری قومی کونسل' کو لیبیا کے عوام کی جائز نمائندہ تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ملک کی تعمیرِ نو کی سرگرمیوں میں عبوری انتظامیہ کی اعانت کرے گا۔

منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں عالمی بینک نے کہا تھا کہ اس کا یہ فیصلہ لیبیا میں پیش آنے والے واقعات اور رکن ممالک کے موقف کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ عالمی بینک سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ لیبیا میں آبی، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں تعمیرِ نو کی ضروریات کا جائزہ لے اور ملک کے بینکنگ سیکٹر کو 'بین الاقوامی مالیاتی فنڈ' کے اصولوں کے مطابق ڈھالنے میں رہنمائی فراہم کرے۔

اس سے قبل منگل کو امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ گزشتہ ہفتے نائیجر کی سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے معمر قذافی کے بیٹے سعدی کو نائیجر کے ایک گیسٹ ہاؤس میں رکھا گیا ہے ۔

محکمہ خارجہ کی ایک خاتون ترجمان نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ نائیجر اور لیبیا کے لیے مناسب ہے کہ وہ اس معاملہ کو مل جل کر حل کریں۔ ترجمان کے بقول یہ طے کرنا 'عبوری قومی کونسل' کا کام ہے کہ معاملہ پر کس طرح آگے بڑھنا ہے۔

نائیجر کے حکام کا کہنا ہے کہ 2 ستمبر کے بعد سے اب تک معمر قذافی کے 32 قریبی رشتہ دار اور معاونین دونوں ممالک کے درمیان موجود بین الاقوامی سرحد عبور کرکے نائیجر میں داخل ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG