رسائی کے لنکس

امریکی صارفین کی خریداریوں میں اضافہ


فروری کے دوران امریکی صارفین نے گذشتہ پانچ ماہ کے مقابلے میں کہیں زیادہ خریداریاں کیں۔ انہوں نے کاروں، ملبوسات اور دیگر آلات ومصنوعات کی خرید پر سابقہ مدت کے مقابلے میں زیادہ رقوم صرف کیں۔

اقتصادی ماہرین پرچون خریداری پر زیادہ توجہ دیتے ہیں کیونکہ امریکہ کی 70 فی صد معاشی سرگرمیوں کا انحصار صارفین کی خرید پر ہوتا ہے۔

منگل کو محکمہ تجارت کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ پرچون فروخت میں ایک اعشارہ ایک فی صد اضافہ ہوا۔

عہدے داروں کا یہ بھی کہناہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران خریداریوں کی شرح اس سے قبل لگائے جانے والے اندازوں سے زیادہ رہی۔

خریداریوں میں اضافہ روزگار کے نئے مواقعوں کی تعداد میں کئی ماہ سے جاری اضافے کے نتیجے میں ہوا ہے، جنہوں نے صارفین کا اعتماد بحال کرنے میں مدد دی۔

پرچون قیمتوں پر اگر نظر ڈالی جائے تو پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے، جس کے باعث عام لوگوں کے پاس دوسری خریداریوں کے لیے رقم کی کمی ہوجاتی ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت اقتصادی مشکلات سے باہر نکل رہی ہے، کئی دوسرے شعبوں کی کمزوریاں بھی سامنے آرہی ہیں۔

مثال کے طورپراس وقت بے روزگاری کی سطح 8 اعشارہ 3 فی صد ہے ، جو امریکی معیار سے زیادہ ہے۔ باربرداری اور فضائی راستے سے سامان کی نقل و حمل سے متعلق تازہ ترین اعداد وشمار یہ ظاہر کرتے ہیں ہیں معیشت کے یہ شعبے بدستور کسادبازاری سے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG