امریکی رکن کانگریس کو قتل کرنے کی کوشش کے دوران 20 افرادکو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے مشتبہ نوجوان کو وفاقی الزامات کا سامنا کرنے کے لیے پہلی مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
بائیس سالہ جارڈ لوہنر کو سخت حفاظتی انتظامات میں ہتھکڑیاں لگا کر پیر کو فینکس کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُس نے بتایا کہ وہ اپنے حقوق سے واقف ہے۔ ملزم کو جن الزامات کا سامنا ہے ان میں رکن کانگریس کو قتل کرنے کی کوشش اور وفاقی حکومت کے افسر کا قتل شامل ہیں۔
لوہنر نے ہفتہ کے روز ٹکسان شہر میں ایک عوامی اجتماع میں فائرنگ کرکے چھ افراد کو ہلاک اور رکن کانگریس گبرئیل گفورڈزکو شدید زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعہ میں 13 دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
وائٹ ہاؤس کے حکام نے کہا ہے کہ صدر براک اوباما ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں منعقد کی جا رہی ایک دعائیہ تقریب میں شرکت کے لیے بدھ کو ایری زونا جائیں گے جہاں اُن کی ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
صدر اوباما نے کہا ہے کہ امریکی عوام اس واقعہ کی وجہ سے تاحال غم کی کیفیت میں ہے۔
چالیس سالہ رکن کانگریس کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گفورڈز کی حالت بہتر ہونے کے امکانات میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اُن کے مطابق رکن کانگریس سادہ اور آسان ہدایات کا جواب دے رہی ہیں لیکن وہ خطرے سے مکمل طور پر باہر نہیں نکلی ہیں۔