رسائی کے لنکس

دمام مسجد دھماکہ بدترین بربریت کا مظاہرہ: محکمہٴخارجہ


’امریکہ خطے میں پُرتشدد انتہا پسندی کا مخالف ہے، جسے کیسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔اور، امریکہ دہشت گردی کے خلاف سعودی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اور شدت پسندی کے انسداد کے لیے درکار ہر مدد فراہم کرے گا‘

سعودی عرب کے مشرقی شہر، دمام میں مسجد پر ہونے والے خود کش بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے، امریکی محکمہٴخارجہ نے کہا ہے کہ ’اِس سے شدت پسندوں کی ذہنیت اور عزائم کا بخوبی پتا چلتا ہے‘، کہ ’اُن کی نگاہ میں انسانی زندگی کی کوئی وقعت نہیں‘۔

یہ بات محکمہٴخارجہ کے ترجمان، جیف رتھکے نے جمعے کو روزانہ اخباری بریفنگ کے آغاز پر پڑھے گئے ایک بیان میں کہی۔

یہ حملہ نماز جمعہ کے دوران، مسجد العنود میں ہوا، جس کا نشانہ نمازی تھے۔

ترجمان نے کہا کہ ’امریکہ خطے میں پُرتشدد انتہا پسندی کا مخالف ہے، جسے کیسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘۔

ساتھ ہی، ترجمان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ دہشت گردی کے خلاف سعودی عوام کے ساتھ کھڑا ہے‘، اور ’شدت پسندی کے انسداد کے لیے درکار ہر مدد فراہم کرے گا‘۔


جیف رتھکے نے کہا کہ ابھی پچھلے ہی جمعےکو مشرقی صوبہ قطیف کی مسجد پر خودکش دھماکے میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس بربریت کی امریکہ پہلے ہی شدید مذمت کر چکا ہے۔

دمام دھماکے پر سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے، ’سعودی پریس ایجنسی‘ نے بتایا ہے کہ شیعہ آبادی کی اکثریت والے اس شہر میں خودکش بمبار مسجد کے داخلی دروازے پر گاڑی کھڑی کر رہا تھا کہ ایک محافظ اُس کے قریب پہنچا، کہ اِسی اثنا میں خودکش حملہ آور نے دھماکا کر دیا۔ خبر کے مطابق، ’شکر ہے کہ سکیورٹی اہل کاروں نے نمازیوں کو نشانہ بنانے کے اس دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا‘۔

XS
SM
MD
LG