امریکہ میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں دو مختلف سیاہ فام شہریوں کی ہلاکت اور اس کے بعد ایک شخص کی طرف سے پانچ پولیس والوں کو مارے جانے سے ملک کے مختلف حصوں میں صورتحال کشیدہ ہے جب کہ حالیہ دنوں میں پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کے مزید واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔
گو کہ ٹیکساس، ٹینیسی، الاباما، جارجیا اور میسوری میں پیش آنے والے یہ واقعات ڈیلاس میں ہونے والی ہلاکت خیز فائرنگ جیسے شدید تو نہیں تھے لیکن اس سے ماحول میں تناؤ پایا جاتا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ واقعات دو سیاہ فام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف غصے سے جڑے ہوئے ہیں یا نہیں۔
تازہ ترین واقعہ ہفتہ کو ہیوسٹن میں پیش آیا جہاں گشت پر مامور دو پولیس اہلکاروں پر ایک سیاہ فام شہری نے پستول تان لیا۔
پولیس کی ترجمان جوڈی سلوا کے مطابق اس شخص نے پستول نیچے نہیں رکھا اور تنبیہ کے باوجود اس کا رخ اہلکاروں کی طرف کیے رکھا۔ پولیس کی طرف سے گولی جانے سے یہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ریاست ٹینیسی کے علاقے برسٹول میں جمعرات کو ایک شخص نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور گشت پر مامور ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
گولی چلانے والا شخص خود بھی زخمی ہوا جسے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جارجیا کے علاقے والڈوسٹا میں بھی ایک پولیس اہلکار کو گولیوں سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ اہلکار تاحال اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
جارجیا میں روزویل کے علاقے میں ایک نوجوان نے پولیس کی چلتی گاڑی پر فائر کیا لیکن اس میں موجود اہلکار محفوظ رہے۔
مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔