رسائی کے لنکس

امریکی اور عراقی فوج کی مشترکہ کارروائی، 70 یرغمالی رہا


حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا فیصلہ ان اطلاعات کے بعد کیا گیا تھا کہ شدت پسند یرغمالیوں کو قتل کرنے والے ہیں۔

امریکی فوج اور عراق کے کرد جنگجووں نے ایک مشترکہ کارروائی کرکے داعش کے قبضے میں موجود 70 یرغمالیوں کو رہا کرالیا ہے۔

امریکی دفاعی حکام کے مطابق داعش نے ان یرغمالیوں کو شمالی عراق میں واقع اپنی ایک جیل میں رکھا ہوا تھا جن کی رہائی کے لیے امریکی فوج اور عراقی کردستان کی فوج 'پیش مرگہ' کےاہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا فیصلہ ان اطلاعات کے بعد کیا گیا تھا کہ شدت پسند یرغمالیوں کو قتل کرنے والے ہیں۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کی جانے والی کارروائی میں داعش کے بارے میں اہم معلومات بھی ہاتھ لگی ہیں۔

رہا کرائے جانے والے یرغمالیوں عراقی سکیورٹی فورسز کے 20 اہلکار بھی شامل ہیں۔ ایک امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران داعش کے پانچ جنگجووں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے جب کہ شدت پسند تنظیم کے کئی کارکن مارے گئے ہیں۔

'پینٹاگون' میں تعینات فوجی افسران نے تصدیق کی ہے کہ کارروائی کے دوران داعش کے جنگجووں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک امریکی فوجی زخمی ہوا تھا جو بعد ازاں دم توڑ گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق زخمی فوجی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے محاذ سے عراق میں ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکا۔ امریکی فوج نے مقتول اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ داعش کے خلاف عراق اور شام میں گزشتہ ایک برس سے جاری امریکی فوجی کاروائیوں کے دوران امریکی فوج کا یہ پہلا جانی نقصان ہے۔

XS
SM
MD
LG