رسائی کے لنکس

جنرل اسمبلی کا اجلاس، پاکستانی وفد ’بھرپور حصہ لے گا‘: ملیحہ


پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا ہے کہ ’دنیا بھر میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کی امن فوج میں پاکستان کی خدمات نہ صرف عالمی امن کے لئے اس کے عزائم کی عکاس ہے، بلکہ عالمی فورم پر اس کے اثر و رسوخ اور وقار کا اہم ذریعہ بھی ہے‘

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سترہواں اجلاس آئندہ ماہ نیویارک میں ہوگا۔ پاکستانی وفد کی سربراہی، وزیر اعظم محمد نواز شریف کریں گے، جس کے لیے، پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شرکت کے لئے ’پاکستان نے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی ہے‘۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب، ملیحہ لودھی نے جمعہ کو نیویارک میں نوجوانوں اور طلبہ پر مشتمل دو مختلف گروپوں سے بات کرتے ہوئے بتائی۔

ان میں سے ایک گروپ ’آرمی پبلک اسکول‘ پشاور کے طلبہ اور اساتذہ کا تھا جو ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہے، جبکہ دوسرا گروپ ’فروبل انٹرنیشنل اسکول‘ کے طلبہ کا ہے جو ان دنوں اقوام متحدہ کی سالانہ یوتھ اسمبلی میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچا ہے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب یہ عالمی ادارہ اپنی سترھویں سالگرہ منانے والا ہے۔ بقول اُن کے، ’ایسے میں پاکستان نے اس عالمی فورم کو بھرپور استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاکہ عالمی سطح پر اس کے وقار میں اضافہ اور ملکی مفادات کا تحفظ ہو‘۔

انھوں نے کہا کہ ’دنیا بھر میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کی امن فوج میں پاکستان کی خدمات نہ صرف عالمی امن کے لئے اس کے عزائم کی عکاس ہے، بلکہ عالمی فورم میں اس کے اثر و رسوخ اور وقار کا اہم ذریعہ بھی ہے۔‘

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی امن فوج میں شرکت پاکستان کے لئے قابل فخر ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ’اس فوج کا بڑا حصہ پاکستانی اہل کاروں پر متشمل ہے اور اس وقت دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پاکستانی فوجی عالمی امن کے لئے دنیا بھر میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ’اُن کا پہلا مقصد عالمی فورم پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ ہے۔ اس سلسلے میں، مسئلہ جموں و کشمیر، دہشت گردی، بین الااقوامی سیکورٹی، اقوام متحدہ کی اصلاحات اور افغان جنگ جیسے معاملے میں پاکستان نے اس عالمی فورم پر اپنے مفادات کا بخوبی تحفظ کیا ہے اور دنیا کو قائدانہ خدمات فراہم کر رہا ہے‘۔

XS
SM
MD
LG