رسائی کے لنکس

عالمی انسانی حقوق کونسل کا فیصلہ غیر منصفانہ اور سیاسی ہے: ایران


عالمی انسانی حقوق کونسل کا فیصلہ غیر منصفانہ اور سیاسی ہے: ایران
عالمی انسانی حقوق کونسل کا فیصلہ غیر منصفانہ اور سیاسی ہے: ایران

تہران نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے اس فیصلے کو سیاسی قراردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کونسل ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کے لیے ایک تفتیش کار تعینات کررہی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعے کے روز اس فیصلے کوغیر منصفانہ، بلاجواز اور مکمل طورپر سیاسی قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد مغربی ممالک بالخصوص امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے جمعرات کے روز 22 ووٹوں سے تفتیش کار کی تعیناتی کی منظوری دی تھی ۔ جب کہ اس قرارداد کی مخالفت میں سات ووٹ پڑے اور 14 ارکان اجلاس سے غیر حاضر رہے۔

کونسل نے ایران میں سیاسی شخصیات کی پکڑدھکڑ ، موت کی سزا کے بڑھتے ہوئے استعمال اور دوسری خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہاربھی کیا۔

ایران انسانی حقوق کی کونسل کا رکن نہیں ہے اور گذشتہ ایک دہائی سے اس کے انسانی حقوق کے بین الاقوامی ماہرین کو ملک میں آنے کی اجازت نہیں دی۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل 2006 ء میں قائم ہوئی تھی۔ جب کہ امریکہ 2009ء میں اس کا رکن بنا۔

XS
SM
MD
LG