رسائی کے لنکس

ہم جنس پرستوں کے خلاف امتیازی سلوک کی مذمت


بان کی مون
بان کی مون

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مطالبہ کیا کہ لوگ ’’مختلف جنسی رجحانات رکھنے والوں پر حملوں کے خلاف‘‘ آواز بلند کریں۔ ان کے بقول ایسے افراد کو حراست میں لینے، قید کرنے اور امتیازی سلوک برتنے کی مخالفت کی جانی چاہیے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ہم جنس پرستی سے متعلق امتیاز کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر میں فریقین سے ’’اولمپک معاہدے‘‘ کی پاسداری پر زور دیا ہے۔

مسٹر بان نے روس کے شہر سوچی میں یہ بیان بلواسطہ طور پر اس نئے روسی قانون کے تناظر میں دیا جس کے تحت ’’ ہم جنس پرستی کے پروپیگنڈے‘‘ کی بچوں تک رسائی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

ناقدین اس قانون کو ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں کے خلاف کارروائی کے مترادف قرار دیتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے مطالبہ کیا کہ لوگ ’’مختلف جنسی رجحانات رکھنے والوں پر حملوں کے خلاف‘‘ آواز بلند کریں۔ ان کے بقول ایسے افراد کو حراست میں لینے، قید کرنے اور امتیازی سلوک برتنے کی مخالفت کی جانی چاہیے۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ اولمپک چارٹر میں کسی بھی طرح کے امتیازی سلوک کی مخالفت کی گئی ہے اور ’’ اکیسویں صدی میں کسی بھی طرح کی نفرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘‘

یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سوچی میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقاریب کا جمعہ کو آغاز ہو رہا ہے۔

اس دوران جمعرات کو اولمپک مقابلوں میں مختلف کھیلوں کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
XS
SM
MD
LG