رسائی کے لنکس

یوکرین کی پارلیمنٹ تحلیل، 26 اکتوبر کو انتخابات کا اعلان


صدر پوروشنکو
صدر پوروشنکو

اپنے ایک بیان میں پوروشنکو کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں یانوکووچ کے حامی بھی موجود تھے جنہوں نے ان آمرانہ قوانین کو اپنایا جس کی وجہ سے مظاہرین کی ہلاکتیں ہوئیں۔

صدر پیٹرو پوروشنکو نے یوکرین کی پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے ملک میں 26 اکتوبر کو انتخابات منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین علیحدگی پسندوں کے ساتھ نبردآزاما ہے اور اسی باعث روس کے ساتھ اس کے تعلقات میں کشیدگی بھی چلی آرہی ہے۔

24 جولائی کو حکومتی اتحاد جس میں فروری میں عوامی تحریک کے ذریعے ماسکو نواز صدر کو برطرف کرنے والے بھی شامل تھے، ختم ہو گیا تھا اور اسی تناظر میں پوروشنکو کے اس فیصلے کی توقع کی جا رہی تھی۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں پوروشنکو نے کہا کہ " میں نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرکے 26 اکتوبر کو انتخابات کا فیصلہ کیا۔" انھوں نے لوگوں میں زور دیا کہ وہ اس میں بھرپور حصہ لیں۔

وہ اور ان کے حامی علیحدگی پسندوں کےخلاف شروع کی گئی لڑائی اور یورپ کے ساتھ اپنے تعلقات حمایت چاہتے ہیں۔ اسی بنا پر یوکرین کے روس کے ساتھ تعلقات میں بگاڑ پیدا ہو چکا ہے۔

ماسکو یوکرین کے صدر یانوکووچ کی برطرفی پر برہم ہے، جنہیں کیئف میں ہونے والے احتجاج اور پولیس کی طرف سے فائرنگ میں ایک سو سے زائد مظاہرین کی ہلاکت کے بعد پارلیمان نے ہٹایا تھا۔ بعد ازاں یوکرین کا علاقہ کرائمیا روس میں شامل ہو گیا تھا۔

پوروشنکو ماسکو پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ یوکرین میں روسی زبان بولنے والے علاقوں می علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے جسے روس مسترد کرتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پوروشنکو کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں یانوکووچ کے حامی بھی موجود تھے جنہوں نے ان آمرانہ قوانین کو اپنایا جس کی وجہ سے مظاہرین کی ہلاکتیں ہوئیں۔

"کسی کو اس کی ذمہ داری لینا ہوگی۔۔۔۔ جرائم اور سیاسی انداز کی۔"

انھوں نے بعض نمائندوں پر علیحدگی پسندوں کی حمایت کا الزام بھی عائد کیا۔

" بہت سے نائبین براہ راست نہ بھی سہی لیکن وہ علیحدگی پسند جنگجووں کی حمایت کر رہے ہیں۔ میرے نزدیک ڈونباس میں فتح اور پارلیمنٹ میں جمہوری اصلاحات والی قوتوں کی فتح اس عمل کا باہمی حصہ ہیں۔"

ڈونباس یوکرین کے مشرقی علاقے کو دیا گیا نام ہے جس میں ڈونٹسک ور لوہانسک بھی شامل ہیں جنہوں نے روس میں شامل ہونے کے لیے یوکرین سے علیحدگی کا اعلان کر رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG