رسائی کے لنکس

امریکی ڈرونز کلیدی افریقی ہوائے اڈے سے منتقل


کیمپ لِمونے جبوتی کا بین الاقوامی ہوائی اڈا ہے۔ ڈرون طیارے اُسی رَن وے سے اُڑا کرتے تھے جہاں سے تجارتی طیارے پرواز کیا کرتے تھے

حال ہی میں ڈرون طیاروں کے گِر کر تباہ ہونے کے متعدد واقعات کے بعد، جس پر جبوتی کی حکومت نے حفاظت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا تھا، امریکی فوج نے ملک کے اہم ہوائی اڈے سے ڈرون طیاروں کو منتقل کر دیا ہے۔

امریکی دفاعی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے یہ طیارے کیمپ لِمونے سے منتقل کردیے گئے ہیں، جو افریقہ کا ایک واحد فوجی اڈا ہے۔ اہل کاروں نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ہے کہ یہ ڈرونز اب ملک کے ایک دور دراز ہوائی اڈے سے پرواز کرتے ہیں۔

کیمپ لِمونے جبوتی کا بین الاقوامی ہوائی اڈا ہے۔ ڈرون طیارے اُسی رَن وے سے اُڑا کرتے تھے جہاں سے تجارتی طیارے پرواز کیا کرتے تھے۔

پینٹاگان نے بتایا ہے کہ مسافر جہازوں اور ڈرونز کے قریب سے اُڑان بھرنے کےباعث جبوتی کے حکام کو تحفظ کے بارے میں تشویش لاحق تھی۔

امریکی فضائی فوج کے ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ جنوری 2011ء سے اب تک قرنِ افریقہ کے خطے میں کم از کم پانچ ڈرون طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔

اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کا کہنا ہے کہ یمن اور صومالیہ میں القاعدہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں، امریکہ نے کیمپ لِمونے سےاپنی کارروائیاں بڑھا دی تھیں۔

پینٹاگان عہدے داروں کا کہنا ہے کہ دوردراز کے ہوائی اڈے سے ڈرون کی پرواز کے باعث، شدت پسندوں کے خلاف اِن کارروائیوں میں کمی نہیں آئے گی۔
XS
SM
MD
LG