رسائی کے لنکس

عرب امارات نے کینیڈین شہریوں کےلئے ویزا فیس میں اضافہ کر دیا


عرب امارات نے کینیڈین شہریوں کےلئے ویزا فیس میں اضافہ کر دیا
عرب امارات نے کینیڈین شہریوں کےلئے ویزا فیس میں اضافہ کر دیا

کینیڈا کے باشندوں کو اب متحدہ عرب امارات جانے کیلئے ویزا فیس کی مد میں ایک ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ فیصلے کا اطلاق دو جنوری سے ہوگا۔

اوٹاوا میں قائم یو اے ای کے سفارتخانے کا کہنا ہے چھ ماہ کیلئے ملٹی پل انٹری کی فیس ایک ہزار ڈالر ہوگی جس کے تحت ہر دورے پر چودہ روز قیام کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ تین ماہ کے سنگل انٹری ویزا کی فیس پانچ سو ڈالر اور تیس روز کے سنگل انٹری ویزا کیلئے ڈھائی سو ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے ویزا فیس میں اضافے کا فیصلہ یو اے ای کی ایئرلائنز کو کینیڈا میں اترنے کے حقوق میں توسیع نہ دیئے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی خلیجی ریاست نے افغانستان کیلئے اہم سپلائی لائن سمجھے جانے والے دبئی کے فوجی اڈے تک کینیڈا کے طیاروں کی رسائی بھی محدود کر دی ہے۔

اس سے قبل دیگر ملکوں کے باشندوں کی طرح کینیڈینز بھی بغیر ویزا کے عرب امارات میں داخل ہوسکتے تھے۔

یو اے ای کے سفارتخانے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اس وقت کینیڈا کی دو سو کمپنیاں اور پچیس ہزار باشندے کام کر رہے ہیں۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے رابطوں اور تجارتی نقل و حمل کے پیشِ نظر یو اے ای سے کینیڈا کیلئے موجودہ چھ پروازیں فی ہفتہ کی تعداد ناکافی ہے۔ دوسری جانب کینیڈا کی حکومت کو خدشہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کی پروازوں میں اضافے سے سے کینیڈین ایئرلائنز متاثر ہوسکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG