رسائی کے لنکس

ٹوئٹر کی بلیو ٹِک پریمئم سروس کا ایک بار پھر آغاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹوئٹر’ ایک بار پھر سے اکاؤنٹ تصدیق کی بلیو ٹک خصوصی سروس شروع کر رہا ہے جسے ایک ماہ قبل بھی شروع کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ٹوئٹر کا ہفتے کو کہنا تھا کہ وہ صارفین کو بلیو ٹِک اور خصوصی سہولیات حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ جس کا آغاز اگلے ہفتے پیر سے ہو گا۔

خیال رہے کہ بلیو ٹِک کمپنیوں، معروف شخصیات، حکومتی اداروں اور صحافیوں کو دیا جاتا ہے، جن کی تصدیق ٹوئٹر کرتا ہے۔

ٹوئٹر کو رواں سال اکتوبر میں 44 ارب ڈالرز کے عوض خریدنے کے بعد ایلون مسک نے بلیو ٹِک آٹھ ڈالرز ماہانہ کے عوض یہ سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم ٹوئٹر کے اس اقدام پر تنقید کی گئی تھی، جس میں ایلون مسک کے دیگر کاروباروں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کی نقالی کرنے والے بھی شامل تھے۔ جس کے نتیجے میں ٹوئٹر نے اس سروس کو لانچ کرنے کے چند دنوں بعد ہی معطل کر دیا تھا۔

دوبارہ سے شروع کی گئی ٹوئٹر کی سروس ویب صارفین کے لیے آٹھ ڈالرز اور آئی فون صارفین کے لیے 11 ڈالرز ماہانہ کے عوض دستیاب ہو گی۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ صارفین کو قدرے کم اشتہارات دیکھنے پڑیں گے اور صارفین لمبی ویڈیوز پوسٹ کر سکیں گے جب کہ ان کی ٹوئٹس قدرے بہتر طریقے سے پیش کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ ایلون مسک الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور خلائی سفر کے لیے راکٹ اور دیگر آلات بنانے والی کمپنی اسپیس ایکس کے بھی مالک ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹر کا انتظام سنبھالتے ہی ہزاروں ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ ان صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آنے دیں گے جن کے اکاؤنٹس بند کیے گئے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ یہ بھی اعلان کر چکے ہیں کہ ٹوئٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹس یعنی بلیو ٹک کے حامل صارفین سے ماہانہ آٹھ ڈالرز وصول کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG