رسائی کے لنکس

ٹوئٹر پر اس وقت سائن اپ کرنے والوں کی تعداد بلند ترین سطح پر ہے: ایلون مسک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹوئٹر' کے مالک ایلون مسک کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود کہ صارفین اکاؤنٹ کی تصدیق اور نفرت انگیز مواد سے متعلق خدشات ہونے کے سبب دوسرے پلیٹ فارمز پر منتقل ہو رہے ہیں، اس وقت ٹوئٹر پر سائن اپ کرنے والوں کی تعداد بلند ترین سطح پر ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق مسک کا ہفتے کو ٹوئٹ میں کہناتھا کہ رواں ماہ 16 نومبر تک پچھلے سات دنوں میں یومیہ سائن اپ کرنے والوں کی اوسط تعداد 20 لاکھ سے زائد تھی۔ جو کہ ایلون کے بقول 2021 کے اسی ہفتے کے مقابلے میں 66 فی صد زیادہ ہے۔

ان کے بقول گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 13 نومبر تک نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔

مسک کا مزید کہنا ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں ٹوئٹر بلیو لانچ سے پہلے اور اس کے بعد پلیٹ فارم پر نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ سے متعلق موصول ہونے والی شکایات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

مسک جو کہ راکٹ کمپنی ‘اسپیس ایکس’ برین چپ اسٹارٹ اپ اور کار کمپنی کے بھی مالک ہیں، کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر خریدنے سے ایسی ایپ بنانے کے عزم میں تیزی آئی ہے، جو سب کچھ کرے گی۔

ٹوئٹ کے مطابق مسک کے ‘ٹوئٹر ٹو پوائنٹ زیرو دی ایوری تھنگ ایپ’ میں محفوظ پیغامات، زیادہ الفاظ میں ٹوئٹ کرنے کی سہولت اور ادائیگیوں کی سہولیات موجود ہوں گی۔

اتوار کو کی گئی ایک اور ٹوئٹ میں مسک کا کہنا تھا کہ 12 سے 18 ماہ میں ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین کی ماہانہ تعداد ایک ارب سے زائد ہونے کا سنگ میل عبور ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر پر بڑے مشتہرین جن میں جنرل موٹرز، مونڈیلز انٹرنیشنل اور فاکس ویگن اے جی شامل ہیں، نے نئے مالک کے آنے کے بعد آنے والی خبروں کی وجہ سے اشتہارات دینا بند کر دیے تھے۔

مسک کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کو اشتہارات کی کمی کی وجہ سے آمدنی میں کمی کا سامنا ہے۔ جس کا ذمہ دار مسک نے انسانی حقوق کے گروپوں کو ٹہرایا تھا۔ جن کا مطالبہ تھا کہ اگر ٹوئٹر مواد سے متعلق اقدامات نہیں کرتی تو مشتہرین اقدامات کریں۔

انسانی حقوق کے کارکنوں نے ٹوئٹر پر اشتہارات دینے والوں سے اس وقت اپنے اشتہارات ہٹانے مطالبہ کیا تھا جب مسک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG