ترکی کی سرکاری فضائی کمپنی 'ٹرکش ایئر لائن' نے خانہ جنگی کے شکار افریقی ملک صومالیہ کے لیے پروازیں شروع کردی ہیں۔
ترک ایئر لائن مشرقی افریقی ممالک کی فضائی کمپنیوں کے علاوہ گزشتہ دو دہائیوں میں دنیا کی واحد فضائی کمپنی ہے جس نے صومالیہ کے لیے پروازیں شروع کی ہیں۔
ایئر لائن کی پہلی پرواز منگل کو ترکی کے اتاترک ایئر پورٹ سے صومالی دارالحکومت موغادیشو کے لیے روانہ ہوئی جس پر ترکی کے نائب وزیرِاعظم بکیر بوسدگ سمیت کئی اعلیٰ حکومتی اہلکار بھی سوار تھے۔
صومالیہ کے جنگ زدہ دارالحکومت پہنچنے کے بعد ترک نائب وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کہ 'ٹرکش ایئر لائن' نے صومالی باشندوں کو ایک بار پھر بیرونِ ملک سفر پہ جانے کی سہولت فراہم کردی ہے۔
صومالیہ کے صدر شیخ شریف احمد نے موغا دیشو کے لیے پروازیں شروع کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترک ایئر لائن موغادیشو کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلایا کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں ترک وزیرِ اعظم رجب طیب اردگان نے بھی صومالیہ کا دورہ کیا تھا جو گزشتہ 20 برسوں میں کسی غیر افریقی ملک کے سربراہ کا صومالیہ کا پہلا دورہ تھا۔
اپنے اس دورے کے دوران میں ترک وزیرِاعظم نے صومالیہ کو عشروں طویل تنازعات اور مسائل سے نکلنے میں مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔