ترکی کی ایک گیس پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے سے ملک کو ایران سے گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق دھماکا جمعہ کی صبح ایرانی سرحد سے متصل ترک علاقے میں ہوا۔ حکام کے بقول دھماکے سے پائپ لائن میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی ہے تاہم گیس کی سپلائی مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے پائپ لائن کی مرمت میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔
حکام نے یہ نہیں بتایا کہ دھماکے کی وجہ کیا تھی۔ اس سے قبل گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ایران-ترک سرحد پر تیل کی پائپ لائنوں میں دھماکوں کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز پر ایرانی سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران تین کرد باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جن پر شبہ تھا کہ وہ ترکی کو گیس فراہم کرنے والی ایک مرکزی پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے کے ذمہ دار تھے۔ دھماکے سے ترکی کو ایران سے گیس کی فراہمی 24 گھنٹے کے لیے معطل ہو گئی تھی۔
گزشتہ ہفتے بھی ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں ایک آئل پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی گئی تھی جس میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں 10 گھنٹے لگے تھے۔