امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے بھی اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرا لیا ہے۔ صدر ٹرمپ کچھ روز قبل ایک برازیلین عہدے دار کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے جن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ریاست فلوریڈا کے ایک نجی کلب میں برازیلین صدر کے پریس سیکریٹری فابیو وائنگارٹین کے ساتھ تصویر کھنچوائی تھی۔ فابیو وائنگارٹین میں بعدازاں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کا خود کو قرنطینہ میں رکھنے کا ارادہ ہے۔ صدر ٹرمپ لوگوں سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز نہیں کر رہے تھے۔
البتہ جمعے کو وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہاں انہوں نے امریکہ میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا وہیں ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ یورپ سے آنے والے امریکیوں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ لیکن صدر ٹرمپ تصاویر میں ایک ایسے شخص کے ساتھ موجود تھے جن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ کیسے مختلف ہے؟
صدر ٹرمپ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کہیں باہر سے نہیں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ ایک تصویر لی اور میں صرف چند سیکنڈ کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا۔ مجھے نہیں معلوم وہ کون تھے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے برازیل کے صدر کے ساتھ وقت گزارا۔ ان کے بقول "میں ان کے ساتھ دو گھنٹے تک بیٹھا رہا تھا۔ لیکن ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جو بہت اچھا ہے۔"
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ محکمۂ صحت کے حکام ان افراد کو آئسولیشن میں رہنے کی ہدایات کر رہے ہیں جو کسی کرونا وائرس کے مریض سے ملے ہوں۔ ٹرمپ نے جواباً کہا کہ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹروں نے انہیں ایسی کوئی ہدایات نہیں دیں۔
گزشتہ رات وائٹ ہاؤس کی بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے بتایا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے میں امریکی خاندانوں اور کمیونٹیز کی مدد کے لیے دونوں سیاسی پارٹیوں نے متفقہ قانون سازی کےایک پیکیج پر سمجھوتا طے کیا ہے۔ انھوں نے تعاون کرنے پر حزب مخالف کے قائدین کے کردار کو سراہا۔
اس موقعے پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ وزیر مالیات، اسٹیو منوشن نے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی اور ڈیموکریٹ پارٹی کے نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کیا جس قانون سازی سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اس سمجھوتے کے تحت ٹیسٹ کی ضرورت پڑنے پر سارے امریکی کرونا وائرس کا ٹیسٹ مفت کرا سکتے ہیں۔ انھیں پیسے نہیں دینے پڑیں گے۔ یہ پیچیدہ نوعیت کا ٹیسٹ ہوتا ہے، جس پر کافی رقم خرچ آتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بیماروں اور فیملی میڈیکل چھٹی پر افراد یا پھر وائرس کے شکار یا بڑوں یا بچوں کی نگہداشت پر مامور افراد کو تنخواہ ملتی رہے گی۔
اس سوال پر کہ لوگوں نے اشیائے ضروریہ اکٹھی کرنا شروع کردی ہیں، صدر نے کہا کہ یہ ایک اچھا عمل ہوگا اور ایسا کرنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ جب وہ آج وائٹ ہاؤس میں داخل ہوئے تو ان کا ٹمپریچر لیا گیا۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ گزشتہ رات ان کا طبی ٹیسٹ لیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ لوگ ہاتھ ملانے کی کوشش کرتے ہیں جو ایک قدرتی امر ہے۔ اس لیے، نہ چاہتے ہوئے بھی ہاتھ ملانا پڑتا ہے۔
پینٹاگون نے فوجی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ سے کہا ہے کہ ملکی دورہ بھی نہ کیا جائے۔ صدر سے پوچھا گیا کیا دیگر امریکیوں کو بھی اسی قسم کا مشورہ دیا جا سکتا ہے، جس پر صدر نے کہا کہ ہاں، غیر ضروری سفر سے احتراز کیا جانا چاہیے۔