رسائی کے لنکس

امریکہ میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 8.3 ارب ڈالر مختص


ٹرمپ کرونا سے متعلق رقوم کے بل پر دستخط کرتے ہوئے۔
ٹرمپ کرونا سے متعلق رقوم کے بل پر دستخط کرتے ہوئے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 8 ارب 30 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی قانون سازی پر دستخط کردیے ہیں۔ امریکہ میں اس وائرس کے 233 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مختص کی گئی رقم میں تین ارب ڈالر ویکسین کی تیاری، ٹیسٹ کٹس اور علاج کے لیے، 2.2 ارب ڈالر بچائو کی کوششوں کے لیے اور 1.25 ارب ڈالر مرض پر قابو پانے کی عالمی کاوشوں میں مدد دینے کی غرض سے رکھے گئے ہیں۔

کرونا وائرس ایک دن پہلے ہی ​دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مضافات میں پہنچا ہے۔ ریاست میری لینڈ کی منٹگمری کائونٹی میں جمعرات کو 3 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد گورنر لیری ہوگن نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔

میری لینڈ سے پہلے چار دوسری ریاستیں کیلی فورنیا، فلوریڈا، واشنگٹن اور ہوائی بھی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرچکی ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں قائم یو ایس سینٹرز فور ڈزیز کنٹرول کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں ملک کے اعلیٰ ترین ماہرین تحقیقی کام کررہے ہیں۔

امریکی وزیر صحت ایلکس آزر نے جمعہ کو بتایا کہ ہفتے کے اختتام تک کرونا وائرس کی 10 لاکھ ٹیسٹ کٹس امریکی لیاریٹریز میں پہنچ چکی ہوگی۔کولوراڈو نےکرونا کے دو کیسز کا اعلان کیا ہے، جن میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ دونوں نے بین الاقوامی سفر کیا تھا، لیکن حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کیس یکساں نوعیت کے نہیں ہیں۔

جنوبی کوریا میں تعینات امریکی افواج کا کہنا ہے کہ ایک اور اہلکار کا کرونا وائرس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ اس طرح کوریا میں وائرس میں مبتلا ہونے والے امریکی اہلکاروں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

جمعہ کو عالمی سطح پر کرونا وائرس کے تصدیق شدہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3400 سے بڑھ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG