رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کرونا وائرس سے متعلق نیوزکانفرنس کریں گے


صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے پریشان امریکی عوام کا حوصلہ بڑھانے اور اس عالمی وبا پر قابو پانے کی کوششوں اور اس سلسلے میں اپنی انتظامیہ پر ہونے والی نکتہ چینی کا جواب دینے کے لیے آج نیوز کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں تین بجے نیوز کانفرنس کروں گا اور میرا موضوع ہو گا کرونا وائرس۔

یہ نیوز کانفرنس ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب مہلک وائرس دنیا کی طاقت کے مراکز کے قریب پہنچ چکا ہے اور برازیل کے ایک ایسے عہدے دار کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جس نے حال ہی میں کچھ وقت صدرٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے اعلی عہدے داروں کے ساتھ گزارا تھا۔

اسی طرح آسٹریلیا کے ایک وزیر کو بھی کرونا وائرس لگ گیا ہے جو امریکہ کے اٹارنی جنرل ولیم بر، ٹرمپ کی بیٹی ایونکا اوردوسرے مشیروں سے ملے تھے۔

امریکہ میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1800 سے بڑھ چکی ہے اور 41 اموات ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

ملک میں تعلیمی ادارے بند کرنے اور تقریبات منسوخ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ زیادہ تر دفاتر نے اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کئی یونیورسٹیوں نے کلاس رومز کی بجائے انٹرنیٹ پر ورچوئل پروگرام شروع کر دیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG