رسائی کے لنکس

میکسیکو دیوار کے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، صدر ٹرمپ


صدر ٹرمپ نیوآرلینز کے کسان کنونسن میں تقریر کر رہے ہیں۔ 14 جنوری 2019
صدر ٹرمپ نیوآرلینز کے کسان کنونسن میں تقریر کر رہے ہیں۔ 14 جنوری 2019

اگرچہ امریکیوں کی اکثریت ملک میں حکومت کی طویل ترین جزوی شٹ ڈاؤن کا الزام صدر ٹرمپ پر لگاتی ہے، لیکن ٹرمپ نے پیر کے روز کسانوں کے ایک اجتماع کو بتایا کہ کانگریس میں موجود حزب مخالف ڈیموکریٹس اس کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے نیو آرلینز میں ایک قومی کنونشن کے دوران تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی ایسی تجویز قبول نہیں کریں گے جس میں امریکیوں کو محفوظ بنانے کے ان اقدامات کی منظوری نہ دی گئی ہو جس کی ہمیں ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ڈرون اور سینسرز بارڈر کی سیکیورٹی کے لیے کافی نہیں ہیں۔ اس کے لیے فولاد یا کنکریٹ کی مضبوط دیوار کی ضرورت ہے تاکہ غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں امریکہ کو محفوظ رکھنے کے اپنے وعدے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر الزام لگایا کہ وہ دیوار بنانے کے لیے درکار فنڈز کی منظوری دینے سے انکار کر رہے ہیں کیونکہ وہ اس معاملے کو اگلے سال کے صدارتی انتخابات کی مہم کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

ٹرمپ 2020 کے صدارتی انتخابات میں اپنے عہدے کی دوسری مدت کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔

رائے عامہ کے چھ اہم جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے نصف سے زیادہ امریکی حکومت کی جزوی شٹ ڈاؤن کا ذمہ دار صدر ٹرمپ اور ری پبلیکن پارٹی کو ٹہراتے ہیں۔

63 فی صد امریکیوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے لیے ٹرمپ کو ڈیموکریٹس کی تجویز قبول کر لینی چاہیے، جس میں دیوار کی بجائے بارڈر سیکیورٹی کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG