رسائی کے لنکس

امریکہ: طوفان نکولس سے گلف کوسٹ میں شدید بارشیں متوقع، لوئزیانا میں ایمرجنسی نافذ


طوفان سے لوئزیانا، ٹیکساس میں شدید بارشیں اور سیلابی صورتِ حال متوقع ہے۔
طوفان سے لوئزیانا، ٹیکساس میں شدید بارشیں اور سیلابی صورتِ حال متوقع ہے۔

امریکہ میں ایک اور طوفان 'نکولس' ساحلی پٹی 'گلف کوسٹ' کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے باعث ریاستِ ٹیکساس اور حال ہی میں طوفان آئیڈا کی زد میں آنے والی ریاستِ لوئزیانا کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں اور سیلاب کا خطرہ ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق میامی میں نیشنل ہریکین سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ نکولس طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ یہ شمال سے شمال مغرب کی جانب فورکاسٹ ٹریک پر 15 میل فی گھنٹے کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے جو پیر کو جنوبی ٹیکساس کے ساحل کے قریب سے گرزے گا جس کے بعد یہ پیر کی شام تک جنوب یا وسطی ٹیکساس کے ساحل کی جانب مڑ جائے گا۔

ٹیکساس میں پورٹ ارنسس سے فری پورٹ تک طوفان سے متعلق وارننگ جاری کی گئی ہے جب کہ حکام نے ان علاقوں میں شدید بارش اور اربن فلڈنگ کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔

طوفان کے باعث ٹیکساس اور جنوب مغربی لوئزیانا میں 25 سینٹی میٹر تک بارش متوقع ہے۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا کہ ٹیکساس گلف کوسٹ کے ساتھ ہوسٹن کے علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کو تعینات اور وسائل فراہم کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ طوفان کے باعث شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ گلف کوسٹ کے ساتھ مختلف علاقوں میں ہواؤں اور ممکنہ طور پر سیلاب کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ موسم سے متعلق مقامی الرٹس اور وارننگ کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔

ادھر لوئزیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈز نے اتوار کی شب ہی ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

ایڈورڈز نے کہا کہ لوئزیانا میں سب سے زیادہ خطرہ جنوب مغربی حصے میں ہے جہاں طوفان لورا اور مئی میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد بحالی کا کام اب بھی جاری ہے۔

ان کے بقول، اس علاقے میں تیز بارشیں اور سیلابی صورتِ حال کا امکان ہے جب کہ یہ بھی متوقع ہے کہ رواں ہفتے پورے جنوبی لوئزیانا میں تیز بارشیں ہوں، بشمول ان علاقوں میں جو حال ہی میں سمندری طوفان آئیڈا سے متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکہ کی ریاست لوئزیانا میں سمندری طوفان آئیڈا نے تباہی مچادی تھی اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔ طوفان کے باعث 26 افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔

لوئزیانا کے بیشتر مکین اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔ یوٹیلٹی ٹریکنگ سائٹ پاور آؤٹریج یو ایس کے مطابق پیر تک ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG