رسائی کے لنکس

امریکہ: سمندری طوفان آئیڈا سے تباہی، نیو اورلینز میں بجلی معطل


طوفان کے دوران 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلی ہیں۔
طوفان کے دوران 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلی ہیں۔

سمندری طوفان آئیڈا امریکہ کی صنعتی ریاست لوئزیانا سے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی ہے۔ ریاست کے شہر نیو اورلینز میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جب کہ طوفان کے باعث ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق سمندری طوفان آئیڈا امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز کے مضافات میں ساحل سے اتوار کو ٹکرایا جس کے باعث شدید ہوائیں چلنے سے کئی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئی اور دریائے مسی سپی کے بہاؤ میں بھی تیزی آگئی۔

طوفان کے نتیجے میں نیو اورلینز میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور ہزاروں لوگ شدید گرم موسم میں ایئرکنڈیشن اور ریفجریشن سے محروم ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سیلاب کے انتباہ کے چند گھنٹے بعد بجلی فراہم کرنے والی مقامی کمپنی نے بتایا تھا کہ 'ٹرانسمیشن کو تباہ کن نقصان' پہنچنے کے باعث نیو اورلینز شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔

'اے پی' کے مطابق کیٹیگری چار کا یہ طوفان آئیڈا عین اسی روز ریاست سے ٹکرایا جب 16 برس قبل کیٹرینا نامی طوفان نے لوئزیانا اور مسی سپی میں تباہی مچائی تھی۔

سمندری طوفان آئیڈا کو امریکہ سے ٹکرانے والا پانچواں طاقت ور طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔ طوفان کے باعث 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ تاہم بعد ازاں طوفان کی شدت میں کمی دیکھی گئی اور یہ کیٹیگری 2 تک پہنچ گیا۔


طوفان اب نیو اورلینز کے 50 کلومیٹر مغرب سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ طوفان کی شدت بدستور برقرار ہے اور یہ جنوب مشرقی لوئزیانا کے حصوں میں تیزہواؤں اور سیلابی صورتِ حال کا سبب بن سکتا ہے۔

این ایچ سی کا کہنا تھا کہ جنوب مشرقی لوئزیانا کے ساحل اور لوئر مسی سپی وادی کے شمال مشرق میں بارش متوقع ہے۔ جنوب مشرقی لوئزیانا سے جنوبی مسی سپی تک 25 سے 45 سینٹی میٹرز تک بارش ہوسکتی ہے۔

ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے دوران 115 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں 33 ہزار نفوس پر مشتمل شہر ہوما کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔

لوئزیانا کے شہر بیٹن روش کے مضافاتی علاقے پریریویل میں گھر کی چھت پر درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

مقامی پولیس نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

'رائٹرز' نے رپورٹ کیا ہے کہ طوفان کی آمد سے قبل ہی ساحلی علاقوں میں آباد شہریوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا تھا۔

نیو اورلینز شہر اور ریاست کے دیگر علاقوں میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کو معطل کر دیا گیا ہے۔

آئیڈا طوفان جن علاقوں سے ٹکرایا ہے وہ صنعتی علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں کئی اہم بندرگاہیں بھی ہیں جنہیں بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔

ریاست لوئزیانا میں دو جوہری توانائی کے پلانٹ بھی ہیں جن میں سے ایک نیو اورلینز کے قریب جب کہ دوسرا بیٹن روش شہر سے 43 کلو میٹر دور شمال مغرب میں واقع ہے۔

علاوہ ازیں مورگن شہر، دریائے پرل، جھیل پونچرٹرین، جھیل مورے پا اور میٹروپولیٹن نیو اورلینز کے لیے طوفان کی وارننگ برقرار ہے۔​

صدر جو بائیڈن نے آئیڈا کی آمد سے قبل ہی لوئزیانا اور مسی سپی کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ کی منظوری دے دی تھی۔

انہوں نے اتوار کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوئزیانا کے لیے امریکی عوام دعاگو ہیں۔

آئیڈا طوفان سے متاثرہ علاقہ پہلے ہی کرونا وائرس سے شدید متاثر ہے جہاں ویکسین لگوانے والوں کی شرح کم اور کرونا کی قسم ڈیلٹا کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔

طوفان کے باعث چلنے والی تیز ہواؤن نے سائن بورڈ بھی گرا دیے۔
طوفان کے باعث چلنے والی تیز ہواؤن نے سائن بورڈ بھی گرا دیے۔

ریاست لوئزیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈ نے 'اے پی' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر ہمیں جن طوفانوں کا سامنا ہوتا ہے ان کے مقابلے میں آئیڈا کئی گنا زیادہ طاقت ور ہے۔ ان کے بقول اگر آپ لوئزیانا میں بدترین طوفانوں کی بات کریں تو آئیڈا ان میں سے ایک دکھائی دے رہا ہے۔

طوفان کے باعث نیو اورلینز میں بجلی کی فراہمی کی معطلی سے متعلق شہر کے ہوم لینڈ سیکیورٹی اور ایمرجنسی تیاری کے دفتر نے ٹوئٹ میں بتایا کہ شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے 'انٹرجی' نے تصدیق کی کہ شہر میں صرف جنریٹرز کے ذریعے ہی بجلی آ رہی ہے۔

ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کی معطلی کو دیکھنے والے پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق، آئیڈا کے باعث جنوبی ریاستوں میں 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ جس میں سے نو لاکھ 30 ہزار لوئزیانا اور 28 ہزار مسی سپی میں ہیں۔

امریکی فوج کی انجینئر کور کے ترجمان رکی بویت نے کہا کہ انجینئروں کو معلوم ہوا ہے کہ طوفان کے اضافے کے نتیجے میں دریائے مسی سپی پر 'منفی دباؤ' ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG