رسائی کے لنکس

امریکہ: سمندری طوفان 'کلاڈیٹ' سے تباہی، 13 افراد ہلاک


طوفانی ہواؤں کے باعث کئی مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔
طوفانی ہواؤں کے باعث کئی مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

امریکہ کے جنوب مشرقی علاقوں میں سمندری طوفان 'کلاڈیٹ' کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور بگولوں کے باعث مختلف حادثات میں بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد طوفان اب شمالی اور جنوبی کیرولائنا ریاستوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جب کہ ریاست الاباما کے بعض علاقوں میں مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ہفتے کو ریاست الاباما کے شہر منٹگمری میں طوفان اور تیز ہواؤں کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں لاوارث بچوں کو لے جانے والی ایک وین میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں آٹھ بچے ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں چار سے 17 برس کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں خاتون وین ڈرائیور کو بچا لیا گیا ہے البتہ ہلاک ہونے والے بچوں میں خاتون کے اپنے دو بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کے باعث ایک اور گاڑی میں سوار باپ اور بیٹی ہلاک ہو گئے ہیں جن کا تعلق ریاست ٹینیسی سے بتایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جس جگہ یہ حادثہ پیش آیا وہاں سڑک کا کچھ حصہ خراب ہے اور ویک اینڈ پر یہاں ٹریفک زیادہ ہوتی ہے۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے ٹوئٹ کی ہے کہ حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

ریاست الاباما کے شہر ٹسکلوسا میں تیز ہواؤں کے باعث مکان پر درخت گرنے سے 24 سالہ شخص اور تین سالہ بچہ ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ایک اور واقعے میں طوفان کے باعث پیش آنے والے کار حادثے میں 23 سالہ خاتون کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل ہری کین سینٹر کے مطابق پیر کی صبح تک 'کلاڈیٹ' کے باعث چلنے والی ہواؤں کی رفتار 65 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور اب یہ ریاست شمالی کیرولائنا کی طرف بڑھ رہا ہے۔

طوفان کے پیشِ نظر شمالی کیرولائنا کے کچھ علاقوں میں وارننگ جاری کر دی گئی ہے جب کہ بعض علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG