رسائی کے لنکس

سال 2014ء: پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے نیک شگون


سنہ 2014ء کا سورج غروب ہونے کے قریب ہے۔ سال بھر میں، کُل چھ فلمیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ ان میں سے ’نامعلوم افراد‘ اور ’آپریشن زیرو ٹو ون‘ کا پلہ سب سے بھاری رہا۔۔۔ باقی فلموں کی تفصیل ذیل میں پڑھئے:

پاکستان فلم انڈسٹری کا موجودہ دور’نئے جنم‘ سے تعبیر ہوتا ہے اور یہ بات کہ۔۔ ’فلم انڈسٹری کو نیا جنم ملکی ٹیلی ویژن انڈسٹری اور اس سے جڑے لوگوں کے ہاتھوں انجام پایا‘۔۔ اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ اس کی تازہ ترین مثالیں وہ کامیاب فلمیں ہیں، جنہوں نے سال 2014ء میں خوب دھوم مچائی۔ مثلاً ’نامعلوم افراد‘ اور ’آپریشن زیرو ٹو ون‘۔

اچھا بزنس کرنے کے حوالے سے یہی دو فلمیں سال 2014ء میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں، جبکہ پورے سال میں ریلیز ہونے والی قابل ذکر پاکستانی اردو فلموں کی بات کریں تو اس سال مجموعی طور پر چھ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ نامعلوم افراد، آپریشن زیرو ٹو ون، دی سسٹم، سلطنت، دختر اور تمنا۔

نامعلوم افراد
اسے ’فلم والا پکچرز‘ نے تیار کیا۔ چھ اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم کی سب سے منفرد بات یہ رہی کہ فلم کی کاسٹ میں زیادہ تر فنکار نئے تھے۔ بعض کی تو یہ پہلی پہلی فلم تھی۔ لیکن، اس فلم نے باکس آفس پر وہ دھوم مچائی کہ ’ایشیاء باکس آفس‘ رپورٹ کے مطابق، فلم ایک کروڑ بارہ لاکھ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ یہی نہیں، بلکہ فلم کی کامیابی فہد مصطفیٰ، محسن عباس حیدر، عروہ حسین، کبریٰ خان اور مہوش حیات سمیت کئی فنکاروں اور خاص کر پروڈیوسر ڈائریکٹر کو مضبوط بنیادیں فراہم کر گئی۔

آپریشن زیرو ٹو ون
یہ فلم بھی چھ اکتوبر کو ہی ریلیز ہوئی۔’نامعلوم افراد‘ سے اس کا سخت مقابلہ تھا۔ فلم کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پاکستان ٹی وی و فلم کے نامور فنکاروں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر ملکی فنکاروں نے بھی کام کیا جیسے شان شاہد، شمعون عباسی، ایوب کھوسو، آمنہ شیخ، حمید شیخ، ایاز سومرو، جوائے ٹونے، جیمز ہیلٹ، وینڈی ہینز اور سمر نیکس۔ بزنس کی بات کریں تو فلم نے باکس آفس سے62لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم سمیٹی۔

دی سسٹم
30اپریل کو ریلیز ہوئی۔ شہزاد غفور نے اس پروجیکٹ کا بیڑا اٹھایا تھا، جبکہ وہ خود بھی اس کی کاسٹ میں شامل تھے۔ دیگر فنکاروں میں شامل تھے: ندیم بیگ، شفقت چیمہ، عرفان کھوسٹ، اعجاز حسین بگٹی، نیر اعجاز، رابعہ تبسم، سلیم شاہ، صائمہ سلیم، مریم علی اور سائرہ۔

سلطنت
29جولائی کو ریلیز ہوئی۔اس کی خاص بات فلم میں بھارتی و پاکستانی فنکاروں کا ایک ساتھ کام کرنا تھا جیسے احسن خان، جویریہ عباسی، جاوید شیخ، صلا حسین، کاشف محمود، زینب قیوم، نیر اعجاز، شبیر جان اور مصطفیٰ قریشی کا تعلق پاکستان جبکہ دیپک شرکے، آکاش دیپ سہگل اور شویتا تیواری کا تعلق بھارت سے ہے۔ اس فلم کا ایک چہرہ ایسا بھی ہے جو دونوں ممالک کی فلموں میں کام کرتا رہا ہے یعنی سارہ لورین۔

دختر
فلم ’دختر‘ 18ستمبر کور ریلیز ہوئی تھی اور پاکستان کے ایک بڑے میڈیا ہاوٴس ’جیو‘ نے اس کی ریلیز میں اہم کردار اداکیا تھا۔ سمعیہ ممتاز، محب مرزا، صالحہ عارف، آصف خان، عجب گل، ثمینہ احمد، عدنان شاہ ٹیپو، عبداللہ جان اور عمر رانا کی یہ فلم کئی بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

تمنا
13جون کو ریلیز ہوئی۔ عمر رانا، سلمان شاہد، مہرین راحیل اور فریال گوہر فلم کے نمایاں فنکاروں میں شامل تھے۔ مقامی انڈسٹری کو ترقی دینے کے حوالے سے فلم نے حوصلہ افزانتائج دیئے۔

سال 2015ء میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں
ایک ہفتے بعد نیا سال یعنی 2015ء شروع ہو رہا ہے، جس میں توقع کے مطابق تقریباً ایک درجن فلمیں ریلیز ہوں گی۔ ان میں سے زیادہ تر فلمیں تیاری کے آخری مراحل میں ہیں مثلاً ’گدھ‘، ’اب پیامبر نہیں آئیں گے‘،’ہوٹل‘، ” یلغار‘،’ کم بخت‘،’ آرتھ ٹو‘،’ مشن فائیو‘، ’مولا جٹ ٹو‘، ’ماہ میر‘،’ جوانی دیوانی‘،’ جلیبی‘ اور’ منٹو‘ ۔

XS
SM
MD
LG