رسائی کے لنکس

’نور‘۔۔ فرانسیسی ڈائریکٹرز کا پاکستانی فلم بینوں کو پہلا تحفہ


کہانی کا تانا بانا ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد بُنا گیا ہے۔ ان کا رہن سہن، مشکلات، دیگر لوگوں کا ان سے سلوک اور پاکستانی معاشرے میں ان کے مقام کو نہایت خوبی اور مہارت سے ’نور‘ میں پیش کیا گیا ہے

کراچی میں فرانسیسی ثقافتی مرکز ’آلیانس فرانس‘ کو قائم ہوئے 60سال ہوگئے۔ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کے پس منظر میں یہ بہت اہم اور خوشی کا موقع ہے اور اسے یادگار بنانے کے لئے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ان تقریبات میں پاکستانی فلم بینوں کے لئے کراچی میں 17اور 18 نومبر اور اسلام آباد میں 21 اور 22 نومبر کو ہونے والا فلم فیسٹیول بھی شامل ہے، جس میں دو فرانسیسی ڈائریکٹرز ڈائریکٹرز Cagla Zencirci اور Guillaume Giovanetti کی فلم ’نور‘ کی اسکریننگ کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

فرانس کے قونصل خانے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق فلم ’نور‘ کی نمائش پیر 17 نومبر کو ہوگی۔ اس موقع پر فلم کے ڈائریکٹرز اور فلم کے مرکزی اداکار بھی موجود ہوں گے۔ فلم کی نمائش سے پہلے دونوں ڈائریکٹرز فلم سے جڑے اپنے تجربات بھی آڈینز سے شیئر کریں گے۔

حقیقت سے قریب موضوعات پر بننے والی فلموں کو پاکستانی شائقین نے ہمیشہ پسند کیا ہے چاہے وہ دنیا کی کسی بھی زبان میں بنی ہوں۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فرانسیسی ڈائریکٹرز نے ساوٴتھ ایشیا خصوصاً پاکستانی آڈینز کے لئے فلم بنانے کا بیڑہ اٹھایا اور یوں فلم ’نور‘ تخلیق پائی۔

’نور‘ کی کہانی کا تانا بانا ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد بُنا گیا ہے۔ ان کا رہن سہن، مشکلات، دیگر لوگوں کا ان سے سلوک اور پاکستانی معاشرے میں ان کے مقام کو نہایت خوبی اور مہارت سے ’نور‘ میں پیش کیا گیا ہے۔

فرانسیسی ڈائریکٹرز Cagla Zencirci اور Guillaume Giovanetti کی جوڑی کے لئے ’نور‘ کو ڈائریکٹ کرنا نیا کام تو نہیں تھا۔ لیکن، مختلف ضروررتھا کیونکہ ’نور‘ سے پہلے انہوں نے مشرق وسطیٰ، یورپ، وسط ایشیا اور مشرق بعید کے لئے متعدد شارٹ فلمز اور دستاویزی فلمیں بنائی تھیں لیکن ’نور‘ ان کی پہلی فیچر فلم ہے جو انہوں نے 2012 میں بنائی۔

’نور‘ کا پریمیر شو 65 ویں کینز انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں ہوا تھا۔فلم کے معیار اور مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پہلی بار نمائش کے بعد ہی ’نور‘ کی اسکریننگ کے لئے فلم میکرز کو دنیا بھر کے 80فلمی میلوں سے شرکت کے دعوت نامے موصول ہوئے تھے۔

’نور‘ اپریل 2014ء میں فرانس کے مختلف سینما گھروں میں بھی ریلیز کی گئی جہاں اسے نہ صرف شائقین بلکہ نقادوں کی جانب سے بھی زبردست رسپانس ملا۔

XS
SM
MD
LG