رسائی کے لنکس

رمضان میں جِلد کا خیال کیسے رکھیں؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

رمضان مسلمانوں کے لیے ایک مقدس مہینہ ہے جس میں وہ روزہ رکھ کر خصوصی عبادات کا اہتمام کرتے ہیں۔ لیکن روزے کے دوران پانی کی کمی اکثر جلد کو خشک اور بے جان بنا دیتی ہے۔

روزے میں کئی گھنٹے بھوکےا ور پیاسے رہنے کی وجہ سے رمضان میں عام دنوں کے مقابلے میں جلد کا زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

جلد کو ترو تازہ رکھنےمیں سب سے اہم کردار غذا کا ہے اور یہ کہ سحر اور افطار میں کیا کھا پی رہے ہیں۔

تو چلیں آج آپ کے ساتھ چند ایسی ٹپس شیئر کرتے ہیں جس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آپ رمضان میں اپنی جلد کا خیال رکھ سکتے ہیں۔

ہائیڈریشن

جلد کو ترو تازہ رکھنے میں پانی کا کردار بھی اہم ہے۔ رمضان میں اپنی ڈائٹ میں ایسی غذائیں ضرور شامل کریں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو جیسے کھیرا، رس دار پھل اور دہی وغیرہ۔

اس کے علاوہ افطار کے بعد وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

موائسچرائزر

رمضان میں اکثر ممالک میں گرم اور خشک موسم ہے اور یہ موسم جلد پر بھی خاصا اثر انداز ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جلد کو بہتر رکھنے کے لیے موائسچرائزر کا استعمال ضروری ہے۔

دن میں اور سونے سے قبل اپنے چہرے پر کوئی بھی لوشن یا کریم کا استعمال ضرور کریں۔ یہ جلد کو نرم اور تروتازہ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

سن بلاک کا استعمال

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی جلد اچھی رہے تو اس کے لیے سن بلاک کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ سن بلاک جلد کو سورج کی خطرناک شعاعوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

سن بلاک کا استعمال صرف باہر نکلنے والوں کے لیے ہی نہیں بلکہ گھر میں رہنے والوں کے لیے بھی ضروری ہے کیوں کہ اس کا استعمال آپ کے جلد کو جھائیوں اور خراب ہونے سے بچا سکتا ہے۔

درست غذا

بہتر جلد کے لیے بہتر غذا کو ڈائٹ میں شامل کرنا بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ اپنی جلد کو اچھا رکھنا چاہتے ہیں تو سحر اور افطار کے لیے متوازن غذاکا استعمال بے حد مددگار ثابت ہوتا ہے۔

رمضان میں تلی ہوئی اشیا اور شکر والی ڈرنکس کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے جلد آئلی اور چہرے پر ایکنی ہو جاتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے اپنی غذا میں پھل، سبزیاں اور پروٹین سے بھرپور اشیا استعمال کی جاسکتی ہیں۔

عرب نیوز چینل 'العربیہ' کے مطابق سبزیوں اور پھلوں میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو جلد کو چمک دار اور تروتازہ رکھنے کے لیے مؤثر ہوتے ہیں۔

مکمل نیند

جس طرح غذا جسم کو صحت دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے بالکل اسی طرح پُرسکون اور بھرپور نیند بھی جلد اور صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔

رمضان میں اکثر لوگوں کو نیند پوری نا ہونے کی وجہ سے تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے۔ اگر آپ دن میں سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لے رہے ہیں تو یہ آپ کے جسم، دماغ اور جلد کی صحت کے لیے بہترین ہوگا۔

XS
SM
MD
LG