رسائی کے لنکس

پٹھان کوٹ حملے کے تین مبینہ سہولت کار گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اطلاعات کے مطابق ان تینوں افراد کو گوجرانوالہ کے قریب واقع چند دا قلعہ بائی پاس کے علاقے سے گرفتار کیا جہاں وہ مبینہ طور پر کرایے کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھے۔

پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے بھارتی شہر پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے میں مبینہ طور بطور سہولت کار ملوث تین مشتبہ افراد کو تین روز ریمانڈ پر پنجاب کے انسداد دہشت گردی کے محکمہ کی تحویل میں دے دیا ہے۔

گزشتہ ماہ کے اوائل میں پاکستان کی سرحد کے قریب واقع پٹھان کوٹ کے قصبہ میں فضائیہ کے اڈے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور بھارت کا موقف ہے کہ حملہ آور مینہ طور سرحد پار سے آئے تھے۔

ان تینوں مشتبہ افراد کو ہفتے کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت سے ان مشتبہ افراد سے تفتیش کے لیے ریمانڈ طلب کیا گیا جس پر جج بشریٰ زمان نے انہیں چھ روزہ ریمانڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی کے سپرد کر دیا۔

مشتبہ افراد جن کے نام خالد محمود، ارشاد الحق اور محمد شعیب بتائے جاتے ہیں نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا۔

تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے آیا کہ گرفتار افراد کا تعلق کسی تنظیم سے ہے یا نہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان تینوں افراد کو گوجرانوالہ کے قریب واقع چند دا قلعہ بائی پاس کے علاقے سے گرفتار کیا جہاں وہ مبینہ طور پر کرایے کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے رواں ماہ نامعلوم افراد کے خلاف بھارتی فضائیہ کے اڈے پر حملے کا مقدمہ درج کیا تھا اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تین روز قبل ایک نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی بنائی ہے۔ جس میں پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔

یہی ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کے لیے متوقع طور پر آئندہ ماہ پٹھان کوٹ کا دورہ کرے گی۔

XS
SM
MD
LG