رسائی کے لنکس

'اسے لے سکتے ہو تو لے جاؤ'


رچمنڈ ورجینیا کے کیپٹل اسکوائر میں ہزاروں افراد ہتھیار رکھنے کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 20 جنوری 2020
رچمنڈ ورجینیا کے کیپٹل اسکوائر میں ہزاروں افراد ہتھیار رکھنے کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 20 جنوری 2020

امریکہ میں ریاست ورجینیا کے صدر مقام رچمنڈ میں آج پیر کے روز گن کنٹرول سے متعلق قوانین کے خلاف بڑا مظاہرہ ہوا جس میں شدید سردی کے باوجود ورجینیا کے مختلف علاقوں کے سمیت امریکہ کی دیگر ریاستوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ ان میں سے بہت سے افراد نے فوجی انداز میں بندوقیں اٹھا رکھی تھیں۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس ریلی میں مختلف ملیشیا گروپ اور سفید فام برتری کے حامی بھی بڑی تعداد میں شریک ہو سکتے ہیں۔ اس خدشے کے تحت ورجینیا کے گورنر ریلف نارتھم نے پیش بندی کے طور پر عارضی ہنگامی حالت کا نفاذ کرتے ہوئے کیپٹل اسکوائر میں اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد کر دی تھی تاکہ 2017 میں شالٹس ول میں سفید برتری کے علمبرداروں کی ریلی جیسا کوئی پرتشدد واقعہ پیش نہ آئے۔

رچمنڈ کی سڑکوں پر مظاہرین اسلحہ لے کر چل رہے ہیں
رچمنڈ کی سڑکوں پر مظاہرین اسلحہ لے کر چل رہے ہیں

کیپٹل اسکوائر بھرنے کے بعد مظاہرین قریبی سڑکوں اور گلیوں میں بھی اکٹھے ہوئے اور چونکہ اسلحہ رکھنے کی پابندی صرف کیپٹل اسکوائر میں تھی، سڑکوں اور گلیوں میں مظاہرین فوجی انداز میں مختلف طرح کی گنیں لے کر اکٹھے ہوئے۔

اس ریلی میں شریک ہونے والوں میں بیشتر لوگ سفید فام اور مرد تھے۔ مظاہرین میں سے ایک کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں نہیں چلاتی بلکہ ہم حکومت کو چلاتے ہیں۔ اس شخص نے ایک سفید جھنڈا اٹھا رکھا تھا جس پر ایک گن کی تصویر تھی اور نیچے لکھا تھا، ’’اسے لے سکتے ہو تو لے جاؤ۔‘‘

مظاہرین میں سے کچھ نے صدر ٹرمپ کی حمایت میں بینر اٹھا رکھے تھے۔ اس کے جواب میں صدر ٹرمپ ٹویٹ کیا، ’’عظیم کامن ویلتھ آف ورجینیا میں ڈیموکریٹک پارٹی آپ سے دوسری آئینی ترمیم میں دیے گئے حق کو چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ صرف شروعات ہے۔ ایسا ہرگز نہ ہونے دیں۔ 2020 کے (صدارتی) انتخاب میں رپبلکن پارٹی کو ووٹ دیں۔‘‘

شارلٹس ول میں ہونے والی سفید فام برتری کے حامیوں کی ریلی کے برخلاف آج رچمنڈ میں اسلحہ رکھنے کے حق میں منعقد ہونے والی اس ریلی کے دوران اسلحہ رکھنے کی مخالفت کرنے والے مظاہرین کا کوئی گروپ شریک نہیں ہوا جس کے باعث کسی ممکنہ کشیدگی کا خدشہ کم ہو گیا۔

اس ریلی کا اہتمام اسلحہ رکھنے کی حامی ایک با اثر تنظیم ورجینیا سٹیزنز ڈیفنس لیگ نے کیا۔

امریکہ میں گذشتہ چند برسوں کے دوران ذاتی اسلحہ رکھنے کے آئینی حق کی وجہ سے عوامی مقامات پر ہلاکتوں کے کئی واقعات ہوتے آئے ہیں جن کے باعث بہت سے امریکی حلقے گن کنٹرول کے لئے قانون سخت کرنے پر زور دیتے آئے ہیں۔ تاہم گن کنٹرول کے مخالفین بھی بھرپور انداز میں اسلحہ رکھنے کے حق میں مظاہرے کرتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG