رسائی کے لنکس

اسلحہ قوانین میں تبدیلی کے بجائے پرتشدد ذہن بدلنا ضروری ہے: ٹرمپ


صدر ٹرمپ امریکہ میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات کے بعد پالیسی خطاب کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ امریکہ میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات کے بعد پالیسی خطاب کر رہے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں 'گن کنٹرول' کے قوانین سخت کرنے سے زیادہ ایسے پرتشدد ذہن رکھنے والے افراد کی نشان دہی ضروری ہے جو قتلِ عام جیسے واقعات میں ملوث ہوتے ہیں۔

امریکہ کی ریاستوں ٹیکساس اور اوہائیو میں ہفتے اور اتوار کو فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 31 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ ان واقعات میں دو مختلف حملہ آوروں نے انفرادی طور پر اندھا دھند فائرنگ کر کے لوگوں کو ہلاک کیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے ناقدین ایسے واقعات کو صدر کے نسل پرستانہ اقدامات اور تقاریر کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔

پیر کو وائٹ ہاؤس میں اپنے 10 منٹ کے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے فائرنگ کے حالیہ واقعات پر اپنی حکومت کی جانب سے باضابطہ ردِ عمل کا اظہار کیا۔

صدر نے محکمۂ انصاف کو ہدایت کی کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 'ریڈ فلیگ' قوانین کے تحت ایسے افراد کی نشاندہی کرے جو پرتشدد واقعات میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

فائرنگ کے واقعات کے بعد امریکی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو)
فائرنگ کے واقعات کے بعد امریکی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو)

صدر نے 2018 میں پارک لینڈ کے ایک اسکول میں فائرنگ کرنے والے شخص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شخص واقعے سے قبل یہ اشارے دے رہا تھا کہ وہ کوئی انتہائی اقدام اٹھا سکتا ہے۔ تاہم، اسے روکنے کے لیے کسی نے کچھ نہیں کیا۔

صدر نے کہا کہ تحقیقاتی ادارے گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعات کو 'داخلی دہشت گردی' قرار دے رہے ہیں۔ لیکن، ان کے بقول، وہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) پر زور دیتے ہیں کہ وہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ داخلی دہشت گردی اور نفرت پر مبنی جرائم کے خاتمے کے لیے ایف بی آئی کو مزید وسائل دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

صدر ٹرمپ نے انٹرنیٹ اور ویڈیو گیمز کو بھی ایسے واقعات پر موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

امریکی صدر نے کانگریس پر زور دیا کہ ذہنی امراض سے متعلق قوانین میں ترامیم کرے، تاکہ ایسے افراد کو کنٹرول کیا جا سکے جو پرتشدد عزائم رکھتے ہیں۔ صدر کے بقول، "گن نہیں بلکہ پرتشدد ذہن ٹریگر دباتا ہے۔"

صدر کا کہنا تھا کہ وفاقی اور مقامی اداروں کو سوشل میڈیا اداروں کے ساتھ مل کر ایسے افراد کا تعین کرنا چاہیے جو پرتشدد ذہن کے حامل ہیں اور وقتاً فوقتاً اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہیں۔

امریکہ میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں ہر سال درجنوں افراد کی جان چلی جاتی ہے۔

ایسے ہر بڑے واقعے کے بعد امریکہ میں اسلحہ قوانین تبدیل کرنے کی بحث چھڑ جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG