رسائی کے لنکس

فلم ’دی ریوننٹ‘ پانچ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب


بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ بھی ’دی ریوننٹ‘ کے ڈائریکٹر کے حصے میں آیا، جبکہ فلم نے جو دیگر ایوارڈ جیتے ان میں بہترین فلم، بہترین ساوٴنڈ اور بہترین سینماٹوگرافی کے ایوارڈ بھی شامل ہیں

لندن کی انتہائی سرد شام میں رائل اوپیرا ہاوٴس میں رنگوں، روشنیوں اور خوشبووٴں سے سجا ’برٹش فلم اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویڑن آرٹس‘ (بافٹا) کا میلہ، جو فلم 'دی ریوننٹ' نے پانچ ٹرافیاں جیت کر اپنے نام کرلیا۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے ’بافٹا ایوارڈز‘ کی شام کی تفصیلات سے متعلق رپورٹ میں کہا ہے کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے ’دی ریوننٹ‘ میں بہترین اداکاری پر سال کے بہترین اداکار کی ٹرافی جیتی۔

بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ بھی ’دی ریوننٹ‘ کے ڈائریکٹر کے حصے میں آیا، جبکہ فلم نے جو دیگر ایوارڈ جیتے ان میں بہترین فلم، بہترین ساوٴنڈ اور بہترین سینماٹوگرافی کے ایوارڈ بھی شامل ہیں۔

بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے ’دی ریوننٹ‘ نے مقابلے کی دوڑ میں شریک’ کیرل‘، ’برج آف اسپائیز‘، ’اسپاٹ لائٹ‘ اور ’بگ شارٹ‘ کو شکست دی۔

رواں سال بہترین اداکارہ کے متعدد ایوارڈ جیتنے والی بیری لارسن نے ’بافٹا ایوارڈ‘ بھی اپنے نام کیا۔ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک کمرے میں قید کی جانے والی خاتون کی کہانی پر بننے والی فلم ’روم‘ میں عمدہ کردار نگاری پر۔

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کیٹ ونسیلٹ کو فلم ’اسٹیو جابز‘ کے لئے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ’برج آف اسپائیز‘ میں اچھی اداکاری پر مارک رے لانس بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔

فلم 'بگ شارٹ' کو بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے جبکہ ’اسپاٹ لائٹ‘ کو بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا ایوارڈ دیا گیا۔

فلم ’میڈمیکس فیوری روڈ‘ نے مختلف شعبوں میں چار بافٹا ایوارڈز حاصل کئے۔ اوریجنل میوزک کا ایوارڈ اطالوی موسیقار لے اڑے۔انہیں ’ہیٹ فل ایٹ‘ میں عمدہ میوزک تخلیق کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔

اطالوی میوزیشن نے مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ بافٹا ایوارڈ حاصل کیا۔

دستاویزی فلم کے شعبے میں برٹش ڈاکیومنٹری فلم نے میدان مار لیا۔ برطانوی گلوکارہ ایمی وائن ہاوٴس کی زندگی پر بننے والی ڈاکیومنٹری ایمی نے ملالہ یوسفزئی پر بنی’ہی نیمڈ می ملالہ‘، شرپا، لسن ٹو می مارلن اور کارٹل لینڈ کو مات دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

’انسائیڈ آوٹ‘ کو بہترین اینیمیڈڈ فلم قرار دیا گیا۔ ’اسٹارواز دی فورس اویکنز‘ کو بہترین اسپشل ویڑول ایفکیٹس پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

XS
SM
MD
LG