برطانیہ کی فلمی دنیا کے سب سے بڑے اور 'آسکرز' کے ہم پلہ سمجھے جانے والے اعزازات 'برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز'کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے اور گولڈن گلوب' ایوارڈز میں سرِ فہرست رہنے والی بلیک اینڈ وائٹ فلم 'دی آرٹسٹ' یہاں بھی بازی لے گئی ہے۔
بیسویں صدی کی ابتدائی دہائیوں میں خاموش فلموں کے دور کی عکاسی کرنے والی فرانسیسی فلم 'دی آرٹسٹ' کو بہترین فلم، اداکار، اداکارہ، ہدایت کار اور اسکرین پلے سمیت 'بافٹا' کے نام سے معروف ان ایوارڈز کے لیے 12 مختلف شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے۔
'دی آرٹسٹ' کی کہانی خاموش فلموں کے ایک ایسے کردار کے گرد گھومتی ہے جس کا فلمی کیریئر بولتی فلموں کی آمد کے باعث تاریک ہوتا جارہا ہے۔ اس مزاحیہ فلم نے اتوار کی شب لاس اینجلس میں ہونے والے 'گولڈن گلوب ایوارڈز' کی تقریب میں بہترین مزاحیہ فلم، بہترین مزاحیہ اداکار اور بہترین موسیقی کے ایوارڈزحاصل کیے تھے۔
ایوارڈز کی اس دوڑ میں 'دی آرٹسٹ' کا مقابلہ سرد جنگ کے زمانے کے ایک جاسوس کی کہانی پر مبنی فلم 'ٹنکر ٹیلر سولجر اسپائے' سے ہے جسے بہترین فلم، اداکار اور ہدایت کار سمیت 11 مختلف شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے۔ مارٹن اسکورسیس کی فیملی ایڈونچر 'ہیوگو' نو شعبوں میں نامزد ہوئی ہے۔
'بافٹا' ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان منگل کو لندن میں ایک تقریب میں برطانوی اداکارہ ہالیڈے گرینجر اور 'ہیری پوٹر' سیریز کے ہیرو ڈینئل ریڈکلف نے کیا جن کی آٹھ فلموں پہ مشتمل سیریز کی اسی برس ریلیز ہونے والی آخری فلم 'ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہالوز – پارٹ 2' باکس آفس پر تہلکہ مچانے کے باوجود کسی اہم شعبے میں نامزد ہونے سے محروم رہی ہے۔
فلم کو میک اپ، پروڈکشن ڈیزائن، سائونڈ اور اسپیشل ویژوئل افیکٹس جیسے نسبتاً غیر اہم شعبوں میں ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ 'ہیری پوٹر' فلموں کے شائقین ماضی میں بھی سینمائوں میں ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی سیریز کی فلموں کو ایوارڈز کے اہم شعبوں میں نظر انداز کیے جانے پہ شاکی رہے ہیں۔
بہترین فلم کے 'بافٹا' ایوارڈز کے لیے نامزد دیگر فلموں میں بہترین فلم کا 'گولڈن گلوب ایوارڈ' جیتنے والی 'دی ڈیسنڈنٹس' کے علاوہ 'ڈرائیو' اور 'دی ہیلپ' شامل ہیں۔
بہترین اداکار کے شعبے میں 'دی آرٹسٹ' اور 'ٹنکر ٹیلر سولجر اسپائے' کے مرکزی اداکاروں جین ڈجارڈین اور گیری اولڈ مین کا مقابلہ 'منی بال ' کے بریڈ پٹ، اور 'دی ڈیسنڈنٹس' کے جارج کلونی سے ہے جنہیں اسی کردار پر بہترین اداکار کا 'گولڈن گلوب ایوارڈ' بھی مل چکا ہے۔
توقعات کے عین مطابق بہترین اداکارہ کے شعبے میں سرِ فہرست میرل اسٹریپ ہیں جنہیں فلم 'دی آئرن لیڈی' میں برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار بخوبی نبھانے پر نامزد کیا گیا ہے۔
فلمی ناقدین کی رائے ہے کہ اس فلم میں اپنی اداکاری پر بہترین اداکارہ کا 'گولڈن گلوب' پانے والی اسٹریپ صرف 'بافٹا' ہی نہیں بلکہ 'آسکر' ایوارڈ بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
اس شعبے میں ان کے مدِ مقابل اداکارائوں میں 'دی آرٹسٹ' کی بیرینائیس بیجو، 'مائے ویک ود مارلن' میں ماضی کی معروف گلوکارہ و اداکارہ مارلن منرو کا کردار اداکرنے والی مشیل ولیمز، 'وی نیڈ ٹو ٹاک ابائوٹ کیون' کی ٹلڈا وائنٹن اور 'دی ہیلپ' کی ویولا ڈیوس ہیں۔
'بافٹا' ایوارڈز کی تقریب 12 فروری کو لندن کے 'رائل اوپرا ہائوس' میں منعقد ہوگی۔