رسائی کے لنکس

امریکہ: ایک لاکھ انڈوں کی چوری پولیس کے لیے معما بن گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • پینسلوینیا میں انڈوں کے معروف ڈسٹری بیوٹر پیٹ اینڈ جیریز اورگینکس کے ڈسٹری بیوشن ٹریلر سے ایک لاکھ انڈے چوری ہوئے تھے۔
  • انڈوں کی قیمت لگ بھگ 40 ہزار ڈالرز ہے۔
  • اپنے پورے کریئر میں کبھی ایسی واردات نہیں دیکھی جس میں ہزاروں انڈے چوری ہوئے ہیں: ترجمان پینسلوینیا پولیس

ویب ڈیسک—بینک ڈکیتی، نایاب زیورات یا پینٹگ کی چوری کے واقعات تو آپ نے سنے ہی ہوں گے۔ لیکن امریکہ میں حال ہی میں انڈوں کی چوری کا واقعہ پیش آیا ہے۔

امریکہ کی ریاست پینسلوینیا میں چند روز قبل ٹریلر سے لگ بھگ ایک لاکھ انڈے چوری ہوئے ہیں اور پولیس اب تک چور کا سراغ نہیں لگا سکی ہے۔

پولیس کے مطابق ہفتے کی شب تقریباً نو بجے پینسلوینیا کے علاقے اینٹرم ٹاؤن شپ سے انڈوں کے معروف ڈسٹری بیوٹر'پیٹ اینڈ جیریز اورگینکس' کے ڈسٹری بیوشن ٹریلر سے ایک لاکھ انڈے چوری ہوئے تھے۔

چوری ہونے والے انڈوں کی مالیت لگ بھگ 40 ہزار ڈالرز بتائی جاتی ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق پینسلوینیا پولیس کے ترجمان میگن فریزر نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ "چوری کے واقعے کو انڈوں کی بڑھتی قیمتوں سے جوڑا جا سکتا ہے۔ لیکن اس بارے میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔"

پولیس ترجمان کے مطابق انہوں نے اپنے پورے کریئر میں کبھی ایسی واردات نہیں دیکھی جس میں ہزاروں انڈے چوری ہوئے ہیں۔

ان کے بقول ملزم تک پہنچنے کے لیے پولیس مقامی کمیونٹی پر انحصار کر رہی ہے اور امید کرتے ہیں کہ اگر کوئی اس واقعے کے بارے میں جانتا ہے کہ تو وہ پولیس کو آگاہ کرے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس عینی شاہدین سے بات چیت اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی دیکھ رہی ہے جس سے ملزم کی شناخت میں مدد مل سکتی ہے۔

'پیٹ اینڈ جیریز اورگینکس' نے بھی واردات سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی چور کو پکڑنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ میں ان دنوں برڈ فلو کی وجہ سے انڈوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔امریکہ میں گزشتہ برس دسمبر میں انڈوں کی فی درجن اوسط قیمت 4.15 ڈالر تک پہنچ گئی تھی جو کہ ایک سال قبل 2.51 ڈالر تک تھی۔

امریکی محکمہ زراعت نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں برس انڈوں کی قیمتوں میں مزید 20 فی صد اضافہ ہوگا۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ' ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG