رسائی کے لنکس

اپنے موبائل فون کو دن میں کئی بار صاف کریں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں امراض کی روک تھام اور کنٹرول کے مراکز (CDCs) کی ہدایات ہیں کہ ہر وہ سطح جسے ہم دن میں کئی مرتبہ چھوتے ہیں اسے صاف کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ان میں آپ کا ٹیلی فون، کمپیوٹر کی بورڈ اور لیپ ٹاپ شامل ہیں۔

ماہرین بتاتے ہیں کہ کرونا وائرس پلاسٹک اور سٹین لیس سٹیل کی سطح پر تین روز تک فعال اور زندہ رہ سکتا ہے اورچھونے سے ہمارے جسم میں منتقل ہو سکتا ہے۔ جب ہم فون کو استعمال کرتے ہیں تو وہ ہمارے چہرے کو چھوتا ہے۔

ان چیزوں کی صفائی احتیاط سے کرنا ضروری ہے، ورنہ ہم اپنے ٹیلی فون۔ کمپیوٹر اور اسی طرح کی دوسری چیزوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ان ذاتی چیزوں کی صفائی کرتے ہوئے کس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

ا- ٹیلی فون پر براہ راست کوئی سپرے نہ کریں

2- ٹیلی فون کو صفائی والے مواد (صفائی کے لئے استعمال ہونے والے محلول) میں نہ ڈالیں۔

3- ایسی چیزیں استعمال نہ کریں جن میں ہوا بھری ہوتی ہے۔ جیسے کمپیوٹر کی بورڈ کو صاف کرنے والے ہوا سے بھرے سپرے، وغیرہ۔

4- اپنے ٹیلی فون کو کھردرے میٹیریئل سے مت رگڑیں کیونکہ اس سے ٹیلی فون کی سطح خراب ہو سکتی ہے۔

5- ایک نکتہ یاد رکھنے کا یہ ہے کہ اپنے ٹیلی فون کو گیلا نہ ہونے دیں لیکن صاف ضرور کریں۔ ایک بات اور بھی یاد رکھیں کہ جب آپ فون صاف کریں تو وہ چارجنگ پر نہ ہو۔ آپ وائپس استعمال کر سکتے ہیں لیکن فون کی سروسز فراہم کرنے والی ایک امریکی کمپنی AT&T کا کہنا ہے کہ وایپ استعمال کرنے سے پہلے اسے نچوڑ لیں اور پھر ٹیلی فون پر استعمال کریں۔

6- گوگل کی تجویز یہ ہے کہ آپ اپنے ٹیلی فون کو کپڑے سے صاف کریں جس پر تھوڑا سا پانی اور صابن لگا لیں۔ لیکن ٹیلی فون گیلا نہ ہونے پائے۔ کیونکہ اس سے وہ خراب ہو سکتا ہے اور یہ ایک مہنگی چیز ہے۔

ٹیلی فون تیار کرنے والی ایک بڑی کمپنی سام سنگ ایک پیشکش کر رہا ہے اور وہ ہے فون سینی ٹائزنگ جس کے لئے الٹرا وائلٹ لائٹ استعمال ہوتی ہے۔ سام سنگ کی یہ سروس امریکہ میں قائم سام سنگ کے کچھ مراکز پر پیش کی جائے گی اور آنے والے ہفتوں میں دوسرے ملکوں میں بھی دستیاب ہو گی۔

ٹیلی فون کو صاف کرنا ان متعدد اقدامات میں سے ایک ہے جس کی سفارش کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوششوں میں مصروف شعبہ صحت کے حکام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG