رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: سعودی عرب میں کرفیو نافذ، شام میں پہلا کیس رپورٹ


ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 1812 افراد ہلاک جب کہ 23000 سے زائد متاثر ہیں۔ (فائل فوٹو)
ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 1812 افراد ہلاک جب کہ 23000 سے زائد متاثر ہیں۔ (فائل فوٹو)

دنیا کے مختلف ملکوں کی طرح مشرقِ وسطیٰ میں بھی کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے پیشِ نظر سعودی عرب میں ​21 روز کے لیے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں گیارہ گھنٹوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کرفیو نافذ ہو گا اور یہ سلسلہ آئندہ 21 روز تک جاری رہے گا۔

سعودی حکام کے مطابق کرفیو کا دورانیہ شام سات بجے سے اگلی صبح چھ بجے تک ہو گا۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے 119 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 511 ہو گئی ہے۔ جو کہ خلیجی عرب خطے میں سب سے زیادہ ہے۔

دوسری طرف متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دو ہفتوں کے لیے ملک سے جانے والی اور ٹرانزٹ پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

سرکاری نیوز ایجنسی 'وام' کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے لیے ملک بھر میں شاپنگ سینٹرز بند رہیں گے۔ صرف میڈیکل اسٹورز اور اشیا خورد و نوش کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

'وام' کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق اگلے 48 گھنٹوں میں ہو گا جو کہ اگلے دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔

خلیج ممالک کی تنظیم ‘گلف کوآپریشن کونسل’ کے اراکین ممالک میں 1700 سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

شام میں کرونا وائرس کا پہلا کیس

مشرقِ وسطیٰ کے ملک شام میں 20 سالہ خاتون میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ جسے 14 روز کے لیے قرنطینہ میں زیر علاج رکھا جائے گا۔ شام کی حکومت کی طرف سے اسے ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس قرار دیا جا رہا ہے۔

شام میں اپوزیشن متنبہ کرتی رہی ہے کہ ملک میں ایران نواز ملیشیا اور شیعہ زائرین کے ذریعے کرونا وائرس پہنچ چکا ہے۔ تاہم حکومت کی طرف سے اس دعوے کو رد کیا جاتا رہا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اقوام متحدہ کو خدشہ ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے شام میں خطرناک صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے۔

دارالحکومت دمشق میں اتوار سے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، پارکس اور ریستوران بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر بشار الاسد نے بھیڑ کی وجہ سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قیدیوں کو بھی رہائی دے دی ہے۔

خلیج ممالک کی تنظیم 'گلف کوآپریشن کونسل' کے اراکین ممالک میں 1700 سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ (فائل فوٹو)
خلیج ممالک کی تنظیم 'گلف کوآپریشن کونسل' کے اراکین ممالک میں 1700 سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ (فائل فوٹو)

ایران میں 24 گھنٹوں میں 127 ہلاکتیں

مشرق وسطیٰ میں ایران کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس میں مبتلا مزید 127 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

'رائٹرز' کے مطابق ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 1812 افراد ہلاک جب کہ 23000 سے زائد متاثر ہیں۔

ایران کی وزارتِ صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں 1411 کرونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسرائیل کی صورتِ حال

اسرائیل میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1238 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک اسرائیل میں اس وبا سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

اسرائیلی اخبار 'ہاریٹز' کے مطابق اسرائیل کی حکومت نے لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے تفریحی مقامات، تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں اور 10 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG