رسائی کے لنکس

تاپی گیس پائپ لائن کا سنگ بنیاد، وزیر اعظم عباسی ترکمانستان اور ہرات روانہ


پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جمعرات کو ترکمانستان پہنچے ہیں جس کے بعد وہ افغانستان کے صوبہ ہرات جائیں گے اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق ترکمانستان اور افغانستان کے صدور کی دعوت پر وزیراعظم عباسی یہ دورہ کر رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان ’تاپی‘ نامی چار ملکی گیس پائپ لائن کے ’لنک اپ‘ منصوبے کا سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

جب کہ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں وہ افغانستان کے صوبہ ہرات جائیں گے جہاں وہ تاپی منصوبے ہی کے سنگ بنیاد سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شاہد خاقان عباسی بعد میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں حالیہ تناؤ کے تناظر میں تجزیہ کار اس ملاقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اس سے ایک دوسرے کا موقف سمجھنے میں مدد ملے گی۔

تجزیہ کار اے زیڈ ہلالی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ اعلٰی سطحی رابطے تعلقات میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ’’میرے خیال میں اسے کافی برف پگلے گی۔‘‘

تاپی گیس پائپ لائن کا ایک بڑا حصہ افغانستان میں سے ہو کر گزرے گا اور وہاں کی سکیورٹی کی صورت حال کے پیش نظر اس منصوبے کی بر وقت تکمیل کے حوالے سے شکوک و شبہا ت کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

دس ارب ڈالر مالیت کے اس منصوبے کے تحت 1800 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے ترکمانستان سے قدرتی گیس افغانستان، پاکستان اور بھارت کو مہیا کی جائے گی اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ 2019 میں مکمل ہو گا جس سے پاکستان کو یومیہ 1325 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس حاصل ہو سکے گی۔

XS
SM
MD
LG