روس نے بھی افغانستان سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا
روس نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کو کابل افغانستان سے 500 سے زیادہ افراد کو نکال لیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بدھ کو افغانستان سے روسی باشندوں کے علاوہ بیلاروس، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور یوکرین کے شہریوں کو بھی منتقل کیا گیا ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق صدر ولادی میر پوٹن نے افغانستان سے شہریوں کے انخلا کا حکم دیا تھا اور اس مقصد کے لیے چار فوجی طیارے شہریوں کے انخلا کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
ورلڈ بینک کا افغانستان کے لیے پروگرام بند کرنے کا اعلان
عالمی بینک نے افغانستان کے لیے امداد کو معطل کر دیا ہے۔
عالمی بینک کے ترجمان نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی حالیہ صورتِ حال پر انہیں تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں اپنے آپریشنز روک رہے ہیں اور صورتِ حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
انٹرنیشنل مانیٹرنک فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی افغانستان کے لیے اپنے آپریشنز بند کر دیے ہیں جن میں 370 ملین ڈالر کی موجودہ قسطوں کا پروگرام بھی شامل ہے۔
افغانستان میں طالبان قبضے کے بعد بھارتی کشمیر میں نئے خدشات جنم لینے لگے
افغانستان میں طالبان قبضے کے بعد بھارت میں یہ خدشات زور پکڑ رہے ہیں کہ افغان طالبان بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کا رُخ بھی کر سکتے ہیں۔ ان خدشات پر بھارتی کشمیر کے سیاسی حلقوں، سیکیورٹی فورسز اور سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کی طرف سے مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
افغان طالبان بھارتی کشمیر پر بھارت کے کنٹرول کو ناجائز قرار دیتے ہوئے ماضی میں کشمیری عسکریت پسندوں کی حمایت کا اعادہ کرتے رہے ہیں۔
طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد اب بھارتی کشمیر کے عام افراد میں کئی طرح کے خدشات اور اندیشے جنم لے رہے ہیں جب کہ استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والی عسکریت پسند تنظیمیں طالبان کے کابل پر قبضے پر خوشی کا اظہار کر رہی ہیں۔
اس پسِ منظر میں پندرہویں صدی کے ایک مشہور عالم اور صوفی بزرگ شاہ نعمت اللہ ولی کی پیش گوئیوں کا ایک بار پھر ذکر ہو رہا ہے بلکہ بعض حلقے ان کی ترویج و تشہیر میں بھی پیش پیش نظر آ رہے ہیں۔
کابل ایئر پورٹ پر وی او اے کی نامہ نگار نے کیا دیکھا؟
کابل ایئر پورٹ سے غیر ملکی اور افغان باشندوں کا انخلا تیزی سے جاری ہے اور ایئر پورٹ پر افراتفری اور بے بسی کا عالم ہے۔ وائس آف امریکہ کی عائشہ تنظیم بھی کئی روز تک اس ماحول کا حصہ رہیں۔ افغانستان میں موجودہ صورتِ حال کے بارے میں جانتے ہیں عائشہ تنظیم کی رپورٹ اور ان کی سارہ زمان سے گفتگو میں۔