رسائی کے لنکس

پاکستانی امریکن بولنگ بروک کاؤنٹی پولیس کا سربراہ مقرر


طلعت رشید نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے نتیجے میں مسلمانوں میں خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے۔ کسی ممکنہ ردعمل کے پیش نظر، انھوں نے اپنے علاقے میں مساجد کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں

امریکی ریاست الی نوائے کی ایک کاؤنٹی میں پاکستانی نژاد امریکی شہری طلعت رشید نے پولیس اینڈ فائر کمشنر کے فرائض سنبھالے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ وہ پولیس اور کمیونٹی کو قریب لانے کی کوشش کریں گے۔

عہدے کا چارج سنبھالتے ہی، طلعت رشید نے پولیس افسران کو مسلم کمیونٹی سے رابطہ بڑھانے اور ان کی روایات کے احترام کی ہدایت کی ہے۔ بقول ان کے، پولیس کو کمیونٹی سے قریبی تعلق پیدا کرنا ہوگا، تاکہ ان کے بارے میں لوگوں کو بہتر آگہی ملے اور پولیس کا حقیقی تاثر ابھرے کہ یہ دراصل عوام کی خدمت کا ادارہ ہے۔

پولیس افسران کے اجلاس میں، اُنھوں نے مسلمان شہریوں کی روایات کی نشاندہی کی۔ بقول اُن کے، ’’ان کے گھروں میں داخل ہونے سے پہلے دروازے پر دستک دیں؛ اور مساجد میں جوتوں سمیت داخل نہ ہوں، تاکہ مسلمان شہریوں میں بھی پولیس سے قریبی تعلق پیدا ہو‘‘۔

طلعت رشید نے اعتراف کیا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے نتیجے میں مسلمانوں میں خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے۔ کسی ممکنہ ردعمل کے پیش نظر انھوں نے اپنے علاقے میں مساجد کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

ساتھ ہی، انھوں نے کمیونٹی کو مشورہ دیا کہ وہ آگے بڑھ کر معاشرتی امور میں حصہ لیں، تاکہ لوگوں کا یہ تاثر غلط ثابت ہو کہ مسلمان دہشت گرد ہیں۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں کسی مسلمان کے ملوث ہونے کے بعد صدر ٹرمپ کے مؤقف کو تقویت ملتی ہے جو اس بات کے خواہاں ہیں کہ سفر کی پابندیاں عائد ہونی چاہئیں اور صرف انہی افراد کو امریکہ آنے کی اجازت دی جائے جن کا ریکارڈ درست پایا جائے۔

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پولیس کے محکمے میں سینکڑوں پاکستانی نژاد امریکی خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں سے کئی ایک نے اپنی کارکردگی کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔

پولیس اور فائر کمشنر بننے سے پہلے طلعت رشید گزشتہ 15 برسوں سے ریاست الی نوائے کی بولنگ بروک کاؤنٹی میں پلاننگ اینڈ زوننگ کمشنر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ ایک کامیاب کاروباری شخص اور ریپبلکن پارٹی کے نہایت سرگرم لیڈر ہیں۔

طلعت رشید اپنی کاؤنٹی کے ’سٹیزن آف دی یئر‘ بھی قرار دئے جا چکے تھے، کیونکہ وہ مختلف کمیونٹیز کے نہایت متحرک شہری ہیں۔

شہر کے میئر کے توسط سے انھوں نے حال ہی میں بولنگ بروک کو پاکستان کے صنعتی شہر سیالکوٹ کا ’سسٹر سٹی‘ کا بھی درجہ دلایا۔

XS
SM
MD
LG