رسائی کے لنکس

طاہر القادری کا اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان


فائل
فائل

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ "انقلاب" کے اگلے مرحلے میں ان کی جماعت ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ دو ماہ سے جاری اپنی جماعت کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منگل کی شب اسلام آباد کے 'ریڈ زون' میں اگست کے وسط سے دھرنے پر بیٹھے اپنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ "انقلاب" کے اگلے مرحلے میں ان کی جماعت ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دے گی۔

اپنے خطاب میں عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا دھرنا اپنے مقاصد حاصل کرچکا ہے اور اس احتجاج کے نتیجے میں، ان کے بقول، قوم جاگ گئی ہے۔

انہوں نے دو ماہ سے زائد عرصے سے دھرنے میں موجود اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان سمیٹ کر گھروں کو لوٹ جائیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ وہ اپنے "انقلاب" کے اگلے مرحلے میں ملک کے مختلف شہروں میں دو، دو دن کے دھرنے دیں گےاور عوام سے اپنی جدوجہد کی حمایت میں گھروں سے نکلنے کی اپیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے "انقلاب" کا سفر ختم نہیں ہوا بلکہ وہ ملک میں تبدیلی آنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران ملک کے بڑے شہروں میں اپنے دو روزہ دھرنوں کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا جن کا آغاز 23 اکتبور سے ایبٹ آباد سے ہوگا۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ محرم الحرام کے احترام میں اپنی احتجاجی تحریک معطل رکھیں گے اور محرم کے اختتام پر 23 نومبر کو بھکر میں دھرنے سے دوبارہ تحریک کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پانچ دسمبر کو سرگودھا، 14 دسمبر کو سیالکوٹ اور 25 دسمبر کو کراچی میں دھرنے دیے جائیں گے۔

طاہر القادری کے خطاب کے بعد دھرنے میں موجود ان کی جماعت کے کارکنوں نے اپنا سامان سمیٹنا اور گھروں کو لوٹنا شروع کردیا ہے۔

دریں اثنا عوامی تحریک کے دھرنے کے قریب ہی موجود پاکستان تحریکِ انصاف کےسربراہ عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک اپنا دھرنا جاری رکھیں گے۔

عمران خان نے بھی طاہر القادری کے "انقلاب مارچ" کی طرح 14 اگست کو ہی لاہور سے اسلام آباد کی طرف اپنا "آزادی مارچ" کیا تھا جس کے اسلام آباد میں اختتام پذیر ہونے کے بعد سے وہ وفاقی دارالحکومت کے 'ریڈ زون' میں دھرنا دیے ہوئے ہیں جسے دو ماہ سے زائد وقت ہوچکا ہے۔

طاہرالقادری کی جانب سےاپنا دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے کچھ دیر بعد اسلام آباد کے 'ڈی چوک' پر دھرنے میں موجود اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ وہ وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں اور استعفیٰ لیے بغیر گھر نہیں جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG