آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں منگل کو موہالی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
گروپ ٹو میں نیوزی لینڈ اپنے دو میچ کھیل کر اس میں فاتح رہا ہے اور پوائنٹس ٹیبل سرفہرست ہے جب کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف فتح حاصل کی اور دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں اسے شکست ہوئی۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں خالد لطیف اور عماد وسیم کو شامل کیا ہے۔
پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں جگہ بنائے رکھنے کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جیتنا ضروری ہے اور اگر وہ چاہتا ہے کہ اسے سیمی فائنل تک رسائی ملے تو نیوزی لینڈ کے علاوہ اس گروپ میں شامل آسٹریلیا کو بھی ہرانا ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ اس وقت تیسرے جب کہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔
روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے جب کہ کپتان شاہد آفریدی نے تسلیم کیا ہے کہ اس میچ میں ٹیم سے کافی غلطیاں ہوئیں۔
تاہم پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اب ان کی پوری توجہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر ہے۔
ادھر یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے بلے باز محمد حفیظ گھٹنے کی تکلیف کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ حفیظ کی حالیہ کارکردگی خاصی متاثر کن رہی ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ان کی عدم شرکت سے ٹیم کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی زخمی ہوئے ہیں اور منگل کے میچ میں ان کی شرکت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط تھی۔
اگر ماضی کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کھیلے گئے میچوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ 14 میچوں میں سے پاکستان نے آٹھ جب کہ نیوزی لینڈ نے چھ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔