رسائی کے لنکس

وارم اپ میچ: پاکستان نے انگلینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بدھ کو ہی ہونے والے دیگر وارم اپ میچز میں زمبابوے نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے جبکہ نیوی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 134 رنز سے شکست دی۔

کرکٹ کے عالمی کپ سے قبل ہونے والے ایک وارم اپ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے روٹ 85، بیلنس 57 اور ہیلز 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے تین، سہیل خان نے دو جب کہ شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور احسان عادل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

251 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو اس کے ابتدائی بلے باز ناصر جمشید ایک اور احمد شہزاد صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور دس تھا۔

یونس خان بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 19 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر بیلنس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھے بلے باز حارث سہیل جب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 78 رنز تھا۔

کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ عمر اکمل تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مصباح نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان نے 48.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن اور براڈ نے دو، دو جب کہ جورڈن اور ٹریڈویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پیر کو پاکستان نے بنگلہ دیش کو وارم اپ میچ میں تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کرکٹ ورلڈ کپ 14 فروری سے شروع ہو رہا جس سے قبل اس میں شامل چودہ ٹیمیں وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں۔

بدھ کو ہی ہونے والے دیگر وارم اپ میچز میں زمبابوے نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے جبکہ نیوی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 134 رنز سے شکست دی۔

XS
SM
MD
LG