رسائی کے لنکس

نااہلی کیس: عمران خان کو خود پیش ہونے کا حکم


چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست میں بعض اہم سوالات اُٹھائے گئے ہیں اور عمران خان خود پیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آئندہ سماعت کے موقع پر عدالت عظمٰی میں پیش ہونے کا کہا ہے۔

عمران خان کے خلاف درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے منگل کو ہونے والی سماعت کے دوران عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے دائر متفرق درخواستوں کے جواب نہیں دیے جس کی وجہ سے معاملہ آگے نہیں بڑھ رہا ہے۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست میں بعض اہم سوالات اُٹھائے گئے ہیں اور عمران خان خود پیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما حنیف عباسی نے عمران خان پر غیر قانونی اثاثوں اور ٹیکس چوری کے الزامات لگاتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جن کی سماعت جاری ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل عدالت میں کہہ چکے ہیں کہ بنی گالہ میں جائیداد کے لیے کچھ رقم عمران خان کو اُن کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان نے دی تھی۔

عمران خان کے وکلا کا موقف رہا ہے کہ بنی گالہ کی جائیداد کی خریداری کے لیے رقم کی منتقلی سے متعلق تمام تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG