رسائی کے لنکس

عمران کی منی ٹریل کا ریکارڈ مل گیا: جمائمہ


پاکستان میں حزب مخالف کی سیاسی جماعت تحریک انصاف ’پی ٹی آئی‘ کے چیئرمین کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اُنھیں ’منی ٹریل‘ سے متعلق 15 سال پرانی دستاویزات مل گئی ہیں۔

جمائمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی منی ٹریل اور بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ’’بالآخر 15 سالہ پرانی بینک اسٹیٹمنٹ کا سراغ لگا لیا ہے۔۔۔ اب براہ مہربانی اصل عیار افراد کے پیچھے جائیں۔‘‘

واضح رہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ایک راہنما حنیف عباسی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر غیر قانونی اثاثوں اور ٹیکس چوری کے الزامات لگاتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

جن کی سماعت جاری ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل عدالت میں کہہ چکے ہیں کہ عمران خان آف شور کمپنی نیازی سروسز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر نہیں اور بنی گالہ میں جائیداد کے لیے کچھ رقم عمران خان کو اُن کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان نے دی تھی۔

عدالت نےاس رقم کی منتقلی سے متعلق عمران خان سے ’منی ٹریل‘ طلب کر رکھی تھی۔

جمعرات کو عمران خان کے علاوہ اُن کی جماعت کے ایک سینیئر رہنما نعیم الحق نے بھی تصدیق کی کہ ’منی ٹریل‘ سے متعلق جمائمہ کو تفصیلات مل گئی ہیں جو جلد سپریم کورٹ میں پیش کر دی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG