رسائی کے لنکس

جلال آباد: خودکش بم حملے میں چھ شہری ہلاک


بم حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور بظاہر صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں حکومت کے حامی بڑے جلسہ عام کے مقام کی جانب گامزن تھا۔ تاہم، جلسے کے مقام سے بہت پہلے افغان سکیورٹی فورسز نے اُسے پکڑا

ایاز گل

مشرقی افغانستان میں اتوار کے روز ایک خودکش دھماکہ ہوا جس میں کم از کم چھ شہری ہلاک جب کہ 13 زخمی ہوئے۔

بم حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور بظاہر صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں حکومت کے حامی بڑے جلسہ عام کے مقام کی جانب گامزن تھا۔ تاہم، جلسے کے مقام سے بہت پہلے افغان سکیورٹی فورسز نے اُسے پکڑا، جس پر اُس نے اپنے جسم سے بندھے دھماکہ خیز مواد کو بھک سے اُڑا دیا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان، عطااللہ خوشیانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا کہ ہلاک شدگان میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔ فوری طور پر تشدد کی اس کارروائی کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اس حملے سے ایک روز قبل جلال آباد میں ایک اور خودکش بم حملے میں افغان سلامتی افواج کے دو اہل کار ہلاک جب کہ 10 زخمی ہوئے۔

مشرق وسطیٰ میں قائم دہشت گرد گروپ نے، جو افغانستان میں اپنی سرگرمیوں کو داعش صوبہ خوراسان کا نام دیتا ہے، کچھ عرصے سےاپنے حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں بیسیوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ گروپ خاص طور پر ننگرہار کے متعدد اضلاع میں سرگرم ہے، جس کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے۔

ہفتے کے روز، صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپ کے خلاف فضائی اور بَری کارروائیوں کے نتیجے میں دولت اسلامیہ افغانستان سے بھاگ رہا ہے۔

اپنی حکومت کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے، اشرف غنی نے کابل میں سلامتی سے متعلق ایک اجلاس کو بتایا کہ افغان افواج نےداعش کے خلاف اب تک تقریباً 300 فضائی اور 1500 سے زائد فوجی کارروائیاں کی ہیں، جس میں داعش کے سینکڑوں شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

اُنھوں نےاس شدت پسند گروپ کو داعش کے متبادل نام سے پکارتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی افواج نے اب تک داعش کے عسکریت پسندوں سے نو اضلاع کا کنٹرول واگزار کرا لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG