رسائی کے لنکس

افغانستان: خود کش حملے میں 11 سکیورٹی اہلکار ہلاک


صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں چار فوجی اور سات پولیس اہلکار شامل ہیں۔

افغانستان کے مشرقی صوبے لوگر میں ایک پولیس چوکی پر خود کش حملے کے نتیجے میں کم از کم 11 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 20 عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

لوگر کے صوبائی گورنر کے ترجمان دین محمد درویش نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ خود کش حملہ آور نے اپنی بارود سے بھری گاڑی ہفتے کو صوبے کے ضلع ازرا کے ایک رہائشی علاقے کے نزدیک قائم چوکی سے ٹکرادی۔

ترجمان کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں چار فوجی اور سات پولیس اہلکار شامل ہیں۔

حملے کی ذمہ داری تاحال طالبان نے قبول نہیں کی ہے لیکن حالیہ چند مہینوں کےدوران افغانستان میں طالبان کی جانب سے مقامی سکیورٹی اہلکاروں اور سرکاری عمارتوں پر حملوں میں تیزی آئی ہے۔

دریں اثنا افغان صدر اشرف غنی نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ طالبان کو بات چیت کے ذریعے منانے اور افغانستان میں امن قائم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

اپنے چار روزہ دورۂ چین سے واپسی پر ہفتے کو کابل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر نے کہا کہ افغانستان میں قیامِ امن انتہائی ضروری لیکن مشکل کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ کام آسان ہوتا تو ماضی کے کئی برسوں کے دوران انجام پاجاتا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ افغان طالبان کو تشدد ترک کرنے پر آمادہ کرلیں گے۔

جمعرات کو بیجنگ میں 'ہارٹ آف ایشیا' کے عنوان سے ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں اشرف غنی نے طالبان کو مذاکرات کی پیش کش بھی کی تھی جس کا طالبان نے تاحال کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG