رسائی کے لنکس

سوڈان: دارفر میں عیسائی تنظیم کو امدادی سرگرمیوں کی اجازت


سوڈان: دارفر میں عیسائی تنظیم کو امدادی سرگرمیوں کی اجازت
سوڈان: دارفر میں عیسائی تنظیم کو امدادی سرگرمیوں کی اجازت

ایک کیتھولک امدادی تنظیم نے کہاہے کہ اسے سوڈان حکومت نے دارفر کے علاقے میں خوراک کی تقسیم کا کام دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے جس پر پہلے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

امریکہ میں قائم کیتھولک ریلیف سروسز نے منگل کےروز کہا کہ ان کی تنظیم خوراک کی تقسیم فوری طورپر شروع کرنے کے لیے مقامی حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

سوڈان حکومت نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ مذکورہ تنظیم مسلمان کمیونٹی میں بائبل کے نسخے تقسیم کررہی ہے، اس کی امدادی سرگرمیوں پر پابندی لگادی تھی۔

امدادی تنظیم نے اپنے اوپر عائد کیے جانے والے الزام سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سرگرمیاں زبردستی بندکرنے کے نتیجے میں چارلاکھ سے زیادہ افراد کو ماہانہ خوراک کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔

سوڈان نے 2009ء میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے صدر عمر الابشیر پر جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد 13 بڑی امدادی تنظیموں کو دارفر سے نکال دیا تھا ۔ کیتھولک ریلیف سروسز ان امدادی تنظیموں سے ایک ہے جنہوں نے اس خلاء کو بھرنے کے لیے اپنی امدادی کارروائیوں کو وسعت دی ہے۔

دارفر کے باغی گروپوں نے یہ کہتے ہوئے 2003ء میں سوڈان کی حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھائے تھے، کہ خرطوم ان کے علاقے کو نظرانداز کررہاہے۔

اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ علاقے میں تشدد بھڑک اٹھنے کے بعد سے اب تک تقریباً تین لاکھ افراد ہلاک اور 27 لاکھ بے گھر ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG