امریکہ کے جنوبی حصے میں کرسمس پر بھی موسم کی شدت برقرار رہی اور ریاست الاباما کی جیفرسن کاؤنٹی کو ایک بگولے کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریاست کے بڑے شہر برمنگم کے بعض حصے بھی اس بگولے کی زد میں آئے اور یہاں کی پولیس کے ترجمان لیفٹننٹ شان ایڈورڈز نے بتایا کہ کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جن میں رہائشی دبکے بیٹھے رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بگولوں کا باعث بننے والا طوفان مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کے باعث ہونے والی شدید بارشوں سے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
الاباما میں آنے والا بگولا رواں ہفتے آنے والے طوفان کا ہی تسلسل تھا۔ بدھ کو غیر معمولی گرم موسم شدید بارشوں اور بگولوں کا باعث بنا اور اس سے مختلف علاقوں میں کم ازکم 14 افراد ہلاک اور املاک کو خاصا نقصان پہنچا۔
جمعہ کو ریاست میسیسپی میں سیلاب کا انتباہ برقرار رہا۔ موسمیات کی پیش گوئی کرنے والے قومی مرکز نے متنبہ کیا تھا کہ اس ریاست کے وسطی حصے کو شدید طوفان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس دوران ژالہ باری اور 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی۔
مشرقی ساحلی شہر جن میں واشنگٹن، نیویارک اور بوسٹن بھی شامل ہیں، سال کے اس حصے میں برفباری کی زد میں ہوتے ہیں لیکن یہاں اس مرتبہ غیر معمولی طور پر درجہ حرارت 15 اور 20 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔