رسائی کے لنکس

تخفیفِ جوہری اسلحہ، سمجھوتے کی توثیق کا عالمی سطح پرخیرمقدم


تخفیفِ جوہری اسلحہ، سمجھوتے کی توثیق کا عالمی سطح پرخیرمقدم
تخفیفِ جوہری اسلحہ، سمجھوتے کی توثیق کا عالمی سطح پرخیرمقدم

عالمی راہنماؤں نےجمعرات کو ایک ہفتہ قبل امریکہ اور روس کےدرمیان تخفیفِ جوہری اسلحہ کےسنگِ میل نوعیت کےمعاہدے پرروس کی طرف سےتوثیق کا خیر مقدم کیا۔

اب دونوں روس اور امریکہ نےنئے اسٹارٹ نامی سمجھوتے کی توثیق کردی ہے جِس اقدام سے اِس معاملےپر فوری عمل درآمد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ روس کے پارلیمان کی طرف سے سمجھوتے کی توثیق سےاِس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ روس جوہری تخفیف اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حصول کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے ۔

برطانیہ کے وزیرِ ِ خارجہ ولیم ہیگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُنھیں سمجھوتے کی توثیق پر خوشی ہوئی ہے، جو اُن کے بقول، دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے چھٹکارہ دینے کی عالمی کوششوں کو فروغ دے گا۔
اسٹارٹ نامی نئے سمجھوتے کی رو سے امریکہ اور روس اِس بات کے پابند ہیں کہ اُن میں سے ہر ایک 1550اسٹریٹجک نیوکلیئر ہتھیار اپنے پاس رکھ سکتا ہے ، جو کہ 2002ء کی حد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے 30فی صد کی کٹوتی کے مترادف ہے۔

مسٹر بان نے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اُنھیں توقع ہے کہ نئے اسٹارٹ معاہدے کے نتیجے میں جوہری اسلحے کی ساری اقسام میں کافی حد تک کمی کے حصول کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

روسی پارلیمان کے ایوانِ بالا یعنی ڈوما نے منگل کو سمجھوتے کی توثیق کی جب کہ فیڈرل کونسل نے بدھ کو اِس کی تائید کی ہے۔

امریکی سینیٹ نے دسمبر میں معاہدے کی 26 کے مقابلے میں 71ووٹ سے منظوری دی تھی۔

XS
SM
MD
LG