پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے بھارتی پارٹنر روہان بوپانا نے سڈنی اوپن کے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
پیر کے روز کھیلے گئے میڈی بینک انٹرنیشنل سڈنی ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز کے پہلے مرحلے میں پاک بھارت جوڑی میزبان آسٹریلیا کے کارسٹین بالز اور مارینکو موٹوسیوک کو 2-6، اور 3-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنلز میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔
واضح رہے کہ اعصام الحق سڈنی اوپن کے سنگلز مقابلے کےلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تھے، تاہم اعصام اور بوپانا کی جوڑی نے مینز ڈبلز کے ایونٹ کیلیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
اس سے قبل دونوں کھلاڑیوں کی جوڑی گزشتہ ہفتے چنائے اوپن کے کوارٹر فائنلز میں ڈچ-امریکن پارٹنرز رابن ہیس اور ڈیوڈ مارٹن سے 6-4 اور 7-5 سے شکست کھا گئی تھی۔